یوپی اسمبلی میں اپوزیشن کا زوردار ہنگامہ، ایوان کی کارروائی کل تک کے لیے ملتوی

گورنر آنندی بین پٹیل کی تقریر کے ساتھ ہی سماجوادی پارٹی اراکین اسمبلی نے زوردار ہنگامہ کرنا شروع کر دیا، جس کے بعد ایوان کی کارروائی کل تک کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔

یو پی اسمبلی، تصویر ٹوئٹر @samajwadiparty
یو پی اسمبلی، تصویر ٹوئٹر @samajwadiparty
user

قومی آوازبیورو

یوپی اسمبلی میں آج سے بجٹ اجلاس کی شروعات ہو گئی ہے۔ اس دوران اسمبلی میں زوردار ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ گورنر آنندی بین پٹیل کی تقریر کے ساتھ ہی سماجوادی پارٹی اراکین اسمبلی نے زبردست ہنگامہ شروع کر دیا۔ بعد ازاں ایوان کی کارروائی کو کل تک کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔ قابل ذکر ہے کہ سماجوادی پارٹی اراکین اسمبلی پہلے سے ہی حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر کے آئے تھے۔ گورنر کی تقریر کے دوران سماجوادی پارٹی نے مہنگائی، بے روزگاری اور نظامِ قانون کو لے کر حکومت پر سوال اٹھائے اور خوب نعرے بازی کی۔

ریاست میں 18ویں اسمبلی کے پہلے اجلاس کے پہلے دن ہی سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے ایوان کے اندر حکومت کے خلاف کئی ایشوز کو لے کر مخالفت کی۔ اسمبلی میں گورنر کی تقریر کے دوران سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی ویل تک پہنچ گئے اور مہنگائی-بے روزگاری کو لے کر نعرے بازی کی۔ انھوں نے گورنر آنندی بین پٹیل کے سامنے پوسٹر اور بینر بھی لہرائے۔ اس دوران ایوان میں زوردار ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ سماجوادی پارٹی اراکین اسمبلی نے ’واپس جاؤ‘ کے نعرے لگائے۔ یہ ہنگامہ تقریباً نصف گھنٹے تک ایوان میں چلتا رہا۔


اسی شور و غل کے درمیان آنندی بین پٹیل نے اپنی تقریر شروع کی۔ انھوں نے ریاستی حکومت کی مختلف حصولیابیوں کا تذکرہ کیا۔ گورنر نے اپنی تقریر میں کہا کہ اتر پردیش میں ڈیفنس کوریڈور پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ریاست میں خود کفیلی کو لے کر منصوبوں پر خصوصی زور ہے، چھوٹی صنعتوں کا قیام اور ایم ایس ایم ای پر زور دیا جا رہا ہے۔ لکھنؤ سے غازی پور تک پوروانچل ایکسپریس وے کی تعمیر کی گئی ہے۔

آنندی بین پٹیل نے تقریر میں کہا کہ حکومت نے کسانوں کی گنا سے متعلق بقایہ رقم کی ادائیگی کی، 20 آبپاشی منصوبے پورے کیے گئے، ریاست میں طیارہ سروس بہتر کیے جانے پر کام ہوا، پانچ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی تعمیر کی گئی، جیور میں ایشیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بنایا جا رہا ہے اور ڈیفنس پروڈکشن کے شعبہ میں اہم قدم اٹھائے گئے ہیں۔


گورنر آنندی بین پٹیل نے کہا کہ وزیر اعظم رہائش منصوبہ کے تحت لوگوں کو گھر ملا ہے، 2000 سے زائد اراضی مافیاؤں پر کارروائی کی گئی ہے۔ گورنر نے ساتھ ہی کہا کہ ڈیولپمنٹ کے لیے تیزی سے کام ہو رہا ہے، ریاست میں 3 نئی ریاستی یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا، ’آپریشن کایاکلپ‘ کے تحت تیزی سے کام ہو رہا ہے، یوپی کے اسکولوں میں سہولیات بہتر ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔