منکی پوکس کی دہشت کے درمیان مرکز نے ویکسین بنانے کے لیے نکالا ٹنڈر

ویکسین سے متعلق سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو افسر ادار پونہ والا نے منگل کے روز کہا تھا کہ وہ ٹیکوں کی کھیپ کی درآمد کو لے کر ڈنمارک کی کمپنی بویرین نارڈک کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

منکی پوکس دنیا کے تقریباً 75 ممالک میں پھیل چکا ہے اور ہندوستان میں بھی اس کے تقریباً نصف درجن معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ کئی مشتبہ معاملے بھی سامنے آئے ہیں جس کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے۔ کورونا وبا کے درمیان منکی پوکس کو لے کر لوگوں میں دہشت پیدا ہونی شروع ہو گئی ہے۔ خصوصاً جب سے ڈبلیو ایچ او نے اسے عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے، لوگ کافی مستعد ہو گئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی منکی پوکس کو لے کر الرٹ جاری کیا جا چکا ہے اور منکی پوکس کی علامت نظر آتے ہی محکمہ صحت کو مطلع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس درمیان مرکزی حکومت نے منکی پوکس سے جنگ کے لیے ویکسین بنانے کا ارادہ کر لیا ہے۔ اس کے لیے مرکز نے ٹنڈر بھی نکال دیا ہے۔ ویکسین سے متعلق سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) ادار پونہ والا نے منگل کے روز کہا تھا کہ وہ ٹیکوں کی کھیپ کی درآمد کو لے کر ڈنمارک کی کمپنی بویرین نارڈک کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ معاہدہ کی حالت میں ملک میں ٹیکہ درآمد کرنے کے لیے 2 سے 3 مہینے لگیں گے۔ پونہ والا کے مطابق چونکہ ملک میں اب تک منکی پوکس کے کچھ ہی معاملے سامنے آئے ہیں، اس لیے مقامی سطح پر ٹیکہ سازی اور طلب کے حالات کا اندازہ کرنے کے لیے ایس آئی آئی کو ابھی کچھ انتظار کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔