بجلی کی قلت کے خدشات کے درمیان کوئلہ اور توانائی کے وزراء نے امت شاہ سے کی ملاقات

میٹنگ کے بارے میں کوئی سرکاری جانکاری سامنے نہیں آئی ہے، حالانکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آر کے سنگھ اور پرہلاد جوشی نے وزیر داخلہ امت شاہ کو ملک میں کوئلے کی فراہمی اور بجلی کی صورت حال سے واقف کرایا۔

بجلی، تصویر آئی اے این ایس
بجلی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں کوئلے کی ناکافی فراہمی کے پیش نظر کچھ حصوں میں بجلی کی قلت کے خدشات کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج یہاں وزیرتوانائی آر کے سنگھ اور کوئلہ کے وزیر پرلہاد جوشی کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ دوپہر کے وقت نارتھ بلاک میں منعقدہ میٹنگ میں نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) کے عہدیدار بھی موجود تھے۔

میٹنگ کے بارے میں کوئی سرکاری جانکاری سامنے نہیں آئی ہے، حالانکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آر کے سنگھ اور پرہلاد جوشی نے وزیر داخلہ کو ملک میں کوئلے کی فراہمی اور بجلی کی صورت حال سے واقف کرایا۔ اتوار کو بجلی کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آر کے سنگھ نے بجلی کی فراہمی میں خلل کے خدشات کو بے بنیاد قرار دیا۔ تمام پلانٹس میں کوئلے کی فراہمی کے بارے میں جانکاری بھی وزارت کوئلہ سے لی گئی ہیں۔ اس کے بعد یہ کہا گیا کہ ملک میں کوئلے کے وافر ذخائر ہیں اور کوئلے کی قلت کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی بات درست نہیں ہے۔


واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پلانٹوں میں کوئلے کی سپلائی میں کمی کے پیش نظر راجدھانی دہلی میں بجلی کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔