کمرشیل ایل پی جی کے ساتھ ساتھ ’چھوٹو سلنڈر‘ کی قیمت میں بھی اضافہ، کانگریس نے کہا ’مودی کی وصولی جاری ہے‘

مئی کی پہلی تاریخ کو ہی عوام کو زوردار جھٹکا دیتے ہوئے کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں 993 روپے کا تو اضافہ کیا ہی گیا، 5 کلوگرام والے ’چھوٹو سلنڈر‘ کی قیمت میں بھی 261 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>چھوٹو سلنڈر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت نے یکم مئی 2026 سے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 993 روپے کا اضافہ کیا ہی ہے، ساتھ ہی 5 کلوگرام والے فری ٹریڈ ایل پی جی (ایف ٹی ایل) سلنڈرز کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ 5 کلوگرام والے ایل پی جی سلنڈر کو ’چھوٹو سلنڈر‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جس کی قیمت میں 261 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کے ساتھ چھوٹی سلنڈر کی قیمت بڑھائی گئی تھی۔ یکم اپریل 2026 کو چھوٹو سلنڈر کی قیمت میں 51 روپے کا اضافہ ہوا تھا، لیکن اس بار 261 روپے کا بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافہ کے بعد دہلی میں چھوٹو سلنڈر کی قیمت 549 روپے سے بڑھ کر 810 روپے ہو گئی ہے۔

کمرشیل ایل پی جی سلنڈر اور چھوٹو سلنڈر کی قیمت میں ہوئے اس اضافہ کے بعد کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو ایک بار پھر عوام مخالف ٹھہرایا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مہنگائی مین مودی کا چابک پھر چلا۔ آج کمرشیل سلنڈر 993 روپے مہنگا ہوا۔‘‘ کانگریس نے گزشتہ 4 ماہ میں کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ کا ذکر بھی اس پوسٹ میں کیا ہے۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’مودی نے گزشتہ 4 ماہ میں کمرشیل سلنڈر کی قیمتیں کچھ اس طرح بڑھائیں: یکم مئی کو 993 روپے، یکم اپریل کو 218 روپے، 7 مارچ کو 115 روپے، یکم مارچ کو 31 روپے، یکم فروری کو 50 روپے اور یکم جنوری کو 111 روپے۔‘‘


کانگریس نے لوگوں کی توجہ اس طرف دلائی ہے کہ رواں سال 4 ماہ میں ہی مودی حکومت نے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 1518 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’جی ہاں، کمرشیل سلنڈر صرف 4 ماہ میں 1518 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ابھی سال کے 8 ماہ باقی ہیں۔‘‘ سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’مودی کی وصولی جاری ہے...۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ آج صبح ہی کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 993 روپے اضافہ کیے جانے کی خبر سامنے آئی تھی، جو مئی کی پہلی تاریخ کو ہی عوام کے لیے مہنگائی کا زوردار جھٹکا ہے۔ 19 کلوگرام والے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں اس اضافہ کے بعد دہلی میں سلنڈر کی قیمت 3071.50 روپے، ممبئی میں 3024 روپے اور کولکاتا میں 3201.50 روپے ہو جائے گی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ 14.2 کلوگرام والے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ حالانکہ اس میں بھی جلد اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔