سیم پیترودا نے دیا مہاگٹھ بندھن سے متعلق ایک بڑا اشارہ، مودی بریگیڈ کی اڑی نیند

انڈین اوورسیز کانگریس کے سربراہ سیم پیترودا نے مہاگٹھ بندھن کے تعلق سے ایک بڑا اشارہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخاب کے بعد صحیح وقت پر اتحاد کی سبھی پارٹیاں ایک ساتھ آئیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مودی بریگیڈ کے لیے انڈین اوور سیز کانگریس کے سربراہ سیم پیترودا کا ایک بیان انتہائی پریشان کرنے والا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ انتخاب کے بعد مہاگٹھ بندھن کو لے کر بڑی پیش قدمی ہونے والی ہے۔ دراصل ان کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے صحیح وقت پر اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائے گا۔ پیترودا کے اس بیان سے مودی بریگیڈ کی نیند اڑ گئی ہے۔


سیم پیترودا نے عام انتخاب میں کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کی بہترین کارکردگی کی یقین دہانی کرائی اور میڈیا سے کہا کہ ’’ہمارے اندازے کی بنیاد پر ہم مانتے ہیں کہ ہم جیت رہے ہیں، کیونکہ زمینی سطح پر حقیقت یہی ہے۔ حالانکہ میڈیا اسے بہت الگ دکھاتا ہے۔ سچ یہ ہے کہ لوگوں کو یہ پتہ لگ چکا ہے کہ مودی حکومت نے ان سے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے نہیں ہوئے۔‘‘


راہل گاندھی کی شہریت سے متعلق بھی سیم پیتردا نے اپنا رد عمل میڈیا کے سامنے ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی گزشتہ 15 سالوں سے رکن پارلیمنٹ ہیں، وہ ہندوستانی شہری کیسے نہیں ہو سکتے؟ راہل کی شہریت پر سوال اٹھانے والوں پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سیم پیترودا نے کہا کہ ’’وہ اتنے سالوں سے رکن پارلیمنٹ ہیں، ان کے ساتھ آپ (بی جے پی) پارلیمنٹ ہاؤس میں اٹھتے بیٹھتے ہیں، ساتھ میں کام کرتے ہیں، پھر اچانک آج ہی ان کی شہریت پر جھوٹے سوال کیوں اٹھ رہے ہیں؟‘‘


جب پیترودا سے میڈیا نے یہ سوال کیا کہ اتحاد آپ کے اندرونی رسہ کشی کو کس طرح برداشت کرے گا، تو پیترودا نے کہا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ اس معاملے میں فکر کرنے کی کوئی بات ہے۔ وہ (اپوزیشن پارٹیاں) بھی صحیح وقت پر ساتھ آئیں گی۔ میں آپ کو یقین دلا سکتا ہوں کہ سبھی کا ہدف واضح ہے اور وہ سبھی جمہوریت، اجتماعیت اور امن چاہتے ہیں۔ صرف امن کے ذریعہ ہی خوشحالی آئے گی۔ اگر ہمارے پاس ملک میں امن ہے تو ہم ملازمتیں پیدا کر سکتے ہیں۔‘‘


پیترودا مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم لوگوں کو تقسیم کر کے ملازمتیں پیدا نہیں کر سکتے۔ مجھے اتحاد کے اراکین کی قیادت میں یقین ہے۔ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آج کیا اسٹینڈ لیتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ جب صحیح وقت آئے گا تو سبھی صحیح فیصلہ لیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔