جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سی آر پی ایف اہلکار کی مبینہ خود کشی

ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف اہلکار کی طرف سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔

خودکشی، علامتی تصویر آئی اے این ایس
خودکشی، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں پیر کی صبح سینٹر ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کرلی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں قائم ایک کیمپ میں سی آر پی ایف کی 185 بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار لی جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔ متوفی اہلکار کی شناخت بوپندر سنگھ ساکن بھرت پور راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔

دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف اہلکار کی طرف سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔


سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا تھا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔