الٰہ آباد ہائی کورٹ نے 5 شہروں میں ’لاک ڈاؤن‘ لگانے کا دیا حکم، یوگی حکومت کا انکار

عدالت نے وارانسی، کانپور، پریاگ راج، لکھنؤ اور گورکھپور میں 26 اپریل تک لاک ڈاؤن لگانے کا حکم دیا۔ اس حکم پر یوگی حکومت کی طرف سےکہا گیا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں کیوں کہ پہلے ہی سختیاں کی گئی ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے قہر کو دیکھتے ہوئے الٰہ آباد ہائی کورٹ نے آج صبح اتر پردیش کی یوگی حکومت کو 26 اپریل تک پانچ بہت زیادہ متاثرہ شہروں میں لاک ڈاؤن لگانے کا حکم صادر کیا تھا، لیکن ریاست کی یوگی حکومت نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یوگی حکومت کا کہنا ہے کہ اس وقت لاک ڈاؤن لگانا مناسب نہیں، بلکہ پابندیوں کو سخت کیا جائے گا۔

دراصل ہائی کورٹ نے وارانسی، کانپور شہر، پریاگ راج، لکھنؤ اور گورکھپور میں 26 اپریل تک لاک ڈاؤن لگانے کا حکم دیا۔ اس حکم پر یوگی حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کورونا پر لگام لگانے کے لیے حکومت نے کئی اقدام کیے ہیں، اور آگے بھی سخت قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا کہ زندگی بچانے کے ساتھ غریبوں کی روزی روٹی کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ایسے میں شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن ابھی نہیں لگے گا۔ لوگ خود اپنی مرضی سے کئی مقامات پر بندی کر رہے ہیں۔


اس سے قبل عدالت نے یو پی کے چیف سکریٹری کو خود نگرانی کرنے کے لیے احکام جاری کیے تھے۔ کورٹ کی طرف سے دیا گیا یہ حکم آج رات سے نافذ ہوگا۔ اس دوران ان شہروں میں ضروری خدمات والی دکانوں کو چھوڑ کر کوئی بھی دکان، ہوٹل، دفتر اور عوامی مقامات نہیں کھلیں گے۔ مندروں میں پوجا اور تقاریب پر بھی روک ہے۔ کورٹ نے یو پی حکومت کو اس تعلق سے سخت ہدایت دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔