’سب متحد ہو جائیں، اور مجھے کچھ نہیں چاہیے‘، انڈیا اتحاد سے متعلق نتیش کمار کا بیان

نتیش کمار نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ ’’مجھے کچھ نہیں چاہیے، ریاست کے مفاد میں اتنا چاہتا ہوں کہ سبھی (اپوزیشن پارٹیاں) متحد ہو کر انتخاب لڑیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کچھ اہم ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہونے کے بعد انڈیا اتحاد کی سرگرمیاں ایک بار پھر تیز ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کے بیانات بھی آنے شروع ہو گئے ہیں۔ آئندہ 17 دسمبر کو ہونے والی میٹنگ میں یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ انڈیا اتحاد کے لیے آگے کا منصوبہ کیا ہے۔ اس درمیان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا ایک اہم بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’سب متحد ہو جائیں، اور مجھے کچھ نہیں چاہیے۔‘‘

نتیش کمار نے یہ بیان 6 دسمبر کو دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’مجھے کچھ نہیں چاہیے۔ ریاست کے مفاد میں بس اتنا چاہتا ہوں کہ سبھی (اپوزیشن پارٹیاں) متحد ہو کر انتخاب لڑیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’خبریں شائع ہو رہی تھیں کہ ہم میٹنگ میں نہیں جا رہے ہیں، ہماری طبیعت خراب تھی۔ اگلی میٹنگ ہوگی تو ہم کہیں گے کہ آگے کی سبھی چیزیں طے کر لیجیے۔ میں نے شروع سے کہا ہے کہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔ میری باتیں اٹھتی ہیں تو میں صاف کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے کچھ نہیں چاہیے، میں نے (عوام کی) کافی خدمت کی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ اس سے قبل آر جے ڈی صدر لالو پرساد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کی پالیسی تیار کرنے کے لیے اپوزیشن اتحاد انڈیا کے لیڈران 17 دسمبر کو میٹنگ کریں گے۔ یہ بیان لالو پرساد نے 5 دسمبر کو دیا تھا۔ پہلے میٹنگ 6 دسمبر کو ہونے کی بات سامنے آئی تھی، لیکن کئی اہم لیڈران مختلف وجوہات سے میٹنگ میں شامل نہیں ہو پا رہے تھے۔ نتیجہ کار میٹنگ ملتوی کرنی پڑی۔ اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ 17 دسمبر کو ہونے والی میٹنگ میں ممتا بنرجی، نتیش کمار، اکھلیش یادو سمیت سبھی سرکردہ لیڈران کی شرکت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔