اترپردیش میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول 30 اپریل تک بند

وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ ریاست میں 1 سے 12 ویں تک کے سبھی سرکاری اورغیرسرکاری اسکولوں کو 30 اپریل تک بند رکھا جائے۔ تاہم، پہلے سے طے شدہ امتحانات منعقد کیے جا سکتے ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے 1 سے 12 ویں کلاس تک کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کو 30 اپریل تک بند کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مدت میں تمام کوچنگ انسٹی ٹیوٹ بھی بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں کووڈ-19 کی صورت حال کاجائزہ لے رہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ -19 کی روک تھام کے لئے ’ٹیسٹ، ٹریس اور ٹریٹ‘ کے ہدف کو مسلسل ذہن میں رکھتے ہوئے مؤثر اقدامات کیے جائيں۔ کووڈ-19 کی ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ اسپتالوں میں طبی اہلکاروں، ضروری ادویات، میڈیکل آلات اور بیک اپ سمیت آکسیجن کی مناسب دستیابی رکھی جائے۔ یہ یقینی بنایا جائے کہ ایل-2 کووڈ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور ہائی فلو نیزل کینیولا (ایچ ایف این سی) کی دستیابی لازمی رہے۔ وینٹیلیٹرز اور ایچ ایف این سی کی مناسب دستیابی بنائے رکھنے کے لئے مستقل جائزہ لیتے ہوئے ضرورت کے مطابق اضافی انتظام کیے جائیں۔


وزیراعلیٰ نے لیول-2 اور لیول-3 کے بیڈ کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے لکھنؤ، کانپور، وارانسی اور پریاگ راج میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے موثرحکمت عملی بناکر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں روزانہ کورونا کے 100 یا اس سے زیادہ کیس مل رہے ہیں اور جہاں کل ایکٹیو کیسز کی تعداد 500 سے زیادہ ہے، ایسے اضلاع میں رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو لگایا جائے۔

وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ ریاست میں 1 سے 12 ویں تک کے سبھی سرکاری اورغیرسرکاری اسکولوں کو 30 اپریل تک بند رکھا جائے۔ تاہم، پہلے سے طے شدہ امتحانات منعقد کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مدت میں کوچنگ سنٹر بھی بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اضلاع میں پی پی ای کٹ، این 95 ماسک، پلس آکسیمٹر، انفراریڈ تھرمامیٹر، سینی ٹائزر، اینٹیجن کٹ سمیت تمام ضروری سامان کا مناسب انتظام کیا جائے۔ اس تعلق سے کسی بھی اضلاع سے مطالبہ ہونے پر فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ تمام محکموں کے اہلکاروں کو ضرورت کے مطابق کووڈ انتظامات کے کاموں سے جوڑاجائے۔ یوک منگل دل، مہیلا منگل دل، سول ڈیفینس، این سی سی اور این ایس ایس کے ممبران کی بھی خدمات حاصل کی جائیں۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا پر موثر کنٹرول میں صفائی اور سینی ٹائزیشن کا کردار اہم ہے۔ اس کے پیش نظر شہری و دیہی ترقیاتی محکموں کے ذریعہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی اور سینی ٹائزیشن کا کام مشن موڈ پر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور سینی ٹائزیشن کے کام سے کووڈ-19 کو قابو کرنے میں مدد ملے گی، وہیں دوسری جانب یہ ڈینگو، ملیریا، چکن گنیا اور جے ای کی روک تھام میں بھی موثر ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔