بھیلواڑہ میں اسمگلروں کی فائرنگ میں دو پولیس اہلکاروں کی موت

پولیس نے بتایا کہ بدنَور، آسیند، شنبھوگڑھ، گلاب پورہ تھانے کی گاڑیوں نے اسمگلروں کو گھیرنے کی کوشش کی، لیکن وہ شنبھو گڑھ علاقے میں فائرنگ کرتے ہوئے ضلع سے باہر نکل گئے

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

بھیلواڑہ: راجستھان کے ضلع بھیلواڑہ میں ہفتے کی دیر رات فائرنگ میں دو پولیس اہلکاروں کی موت ہوگئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کرتے ہوئے ایک درجن اسمگلر 100 کلومیٹر ضلع سرحد پار کرکے فرار ہو گئے۔ راجستھان پولیس ڈائریکٹر جنرل موہن لال لاٹھر اور اجمیر رینج پولیس انسپیکٹر جنرل اس واقعہ کے بعد بھیلواڑہ روانہ ہوگئے ہیں۔

ہفتے کی دیر رات کوٹڈی تھانے کی پولیس روٹین ناکہ بندی کر رہی تھی۔ اس دوران تین اسکارپیو، پک اپ اور ایک دیگر گاڑی ناکہ بندی کی جگہ پہنچیں۔ ان گاڑیوں میں شرابی افراد کے ذریعے تیز گاڑی چلانے کی اطلاع کے سبب ناکہ بندی میں لگے ضابطے میں شامل سپاہی اونکار گایری سے اسمگلروں کی بحث ہو گئی۔ اس دوران اسمگلروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔ ایک گولی اونکار کے سینے میں جا لگی اور اس کی موت ہو گئی۔ اسمگلر ناکہ بندی توڑ کر گاڑیوں کو تیزی سے بھگا لے گئے۔


بتایا گیا کہ پک اپ سمیت تین گاڑیاں راستہ بدل کر غائب ہو گئیں جبکہ ایک کالی اسکارپیو میں سوار اسمگلر اجمیر روڈ کے رائلا تھانہ حلقے سے نکل گئے۔ رائلا تھانے کی ٹیم نے انھیں روکنے کی کوشش کی جہاں ان اسمگلروں نے پولیس پر فائرنگ کی۔ اس جھڑپ میں کانسٹیبل پون چودھری سنگین طور پر زخمی ہو گئے۔ بعد میں پون چودھری نے رائلا اسپتال میں دم توڑ دیا۔

پولیس نے بتایا کہ بدنَور، آسیند، شنبھوگڑھ، گلاب پورہ تھانے کی گاڑیوں نے اسمگلروں کو گھیرنے کی کوشش کی، لیکن وہ شنبھو گڑھ علاقے میں فائرنگ کرتے ہوئے ضلع سے باہر نکل گئے، جن کا پتہ نہیں چل سکا۔ بیاور علاقے میں بھی ان کی جانب سے دفاع میں فائرنگ کرنے کی اطلاع ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ اسمگلروں کی ایک گاڑی جس میں ڈوڈا بھرا ہوا تھا پنچر ہو گئی جس کے ٹائر بدلنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن پولیس کے پہنچنے کے بعد اسمگلر شنبھو گڑھ تھانے حلقے میں گاری کو سڑک پر چھوڑ کر بھاگ گئے۔ پولیس نے شنبھوگڑھ علاقے میں پک اپ میں ڈوڈا برآمد کیا ہے۔ اسمگلر جودھ پور ضلع کے ڈانگیاواس کے بتائے جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔