آج شام تاریکی میں ڈوب جائیں گے اتر پردیش کے سبھی 75 اضلاع، بجے گی خطرے کی گھنٹی، آخر کیا ہے ماجرا؟
اتر پردیش کے سبھی 75 اضلاع میں ایک ساتھ شام 6 بجے تقریباً 10 منٹ کے لیے تاریکی چھا جائے گی۔ تیز آواز کے ساتھ سائرن کی آوازیں سنائی دیں گی اورسیکورٹی اہلکاروں کی ہلچل دیکھنے کو ملے گی۔

اتر پردیش میں ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لیے آج سبھی اضلاع میں ماک ڈرل کی جائے گی۔ اس ماک ڈرل کے لیے شام 6 بجے اتر پردیش میں ایک ساتھ بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔ یعنی پورا اتر پردیش تاریکی میں ڈوب جائے گا۔ اس دوران ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لیے ٹریننگ کی جائے گی۔ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کی پولیس لائن میں منعقد ماک ڈرل پریکٹس میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ اس ماک ڈرل میں چیف سکریٹری برائے داخلہ، چیف سکریٹری برائے شہری ترقی، چیف سکریٹری برائے صحت، ڈی جی پی، ڈی جی فائر اور راحتی کمشنر موجود رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ قبل میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے وقت ماک ڈرل کی گئی تھی۔ اس کے بعد یہ دوسرا موقع ہوگا جب اس طرح پولیس، محکمہ بجلی اور ضلع انتظامیہ کے افسران مل کر مشترکہ پریکٹس کریں گے۔ ایمرجنسی حالات، مثلاً ہوائی حملہ سے نمٹنے کی تیاریوں کو مزید پختہ کرنے کے لیے ماک ڈرل کا عمل انجام دیا جائے گا۔ اس دوران اتر پردیش کے سبھی 75 اضلاع میں ایک ساتھ شام 6 بجے تقریباً 10 منٹ کے لیے تاریکی پھیل جائے گی۔ تیز آواز کے ساتھ سائرن بجے گا اور پھر ماک ڈرل میں شامل افسران و ملازمین الرٹ ہو کر ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کی کوشش کرتے نظر آئیں گے۔
یہ پریکٹس شہری ترقی محکمہ کی قیادت میں کیا جائے گا، جس میں سول ڈیفنس، پولیس، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ اور محکمہ صحت کے کوآرڈنیشن کو دیکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں اتر پردیش کے چیف سکریٹری برائے داخلہ سنجے پرساد نے ڈی جی پی، یو پی پی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور راحتی کمشنر کے ساتھ سبھی ضلعوں کے ضلع مجسٹریٹس اور پولیس سربراہان کو ماک ڈرل کرانے کی ہدایت دی ہے۔ آج شام مقرر ماک ڈرل میں پولیس، شہری سیکورٹی، ایس ڈی آر ایف،ا ین ڈی آر ایف اور محکمہ صحت کے جوان، افسران و ملازمین پوری طرح متحرک دکھائی دیں گے۔ مقررہ پروگرام کے مطابق 23 جنوری کی شام 6 بجے 2 منٹ کے لیے ہوائی حملہ کا الرٹ دینے والا سائرن بجے گا۔ اس کے بعد بجلی کاٹ دی جائے گی۔ بعد ازاں دیگر سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی، جو کہ تقریباً 10 منٹ تک جاری رہے گی۔ 10 منٹ بعد دھیرے دھیرے کر سبھی اضلاع میں بجلی واپس فراہم کر دی جائے گی اور ماک ڈرل بھی ختم ہو جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔