اَلکا لامبا دہلی اسمبلی سے نااہل قرار، سفر جاری رکھنے کا عزم

دہلی اسمبلی سے نااہل قرار دئے جانے کے بعد الکا لامبا نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے کہا، ’’عآپ کے ساتھ میرا سفر اب ختم ہو گیا، تاہم لوگوں کے ساتھ مل کر میں جنگ جاری رکھوں گی۔‘‘

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ ) کی سابق رہنما الکا لامبا کو دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل نے جمعرات کو پارٹی تبددیل کرنے کی بنیاد پر نااہل قرار دے دیا۔ اس مہینہ کی شروعات میں لامبا کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد عآپ رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج کی عرضی پر یہ فیصلہ لیاگیا اور اسمبلی نے لامبا کو ’تبدیلی جماعت ‘ قانون کی بنیاد پر نااہل قرار دیا۔

اسمبلی اسپیکر نے کہا کہ چاندنی چوک سے دہلی سمبلی کی منتخب رکن الکا لامبا کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا، ’’چاندی چوک اسمبلی سیٹ خالی ہو گئی ہے۔‘‘ غور طلب ہے کہ اس سے پہلے عام آدمی پارٹی کے چار دیگر ارکان اسمبلی کو بھی اسی طرح نااہل قرار دیا جا چکا ہے۔


دہلی اسمبلی سے نااہل قرار دئے جانے کے بعد الکا لامبا نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ ویڈیو میں لامبا نے کہا، ’’عآپ کے ساتھ میرا سفر اب ختم ہو گیا ہے۔ جنہوں نے اس سفر میں میری مدد کی ان کا میں شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میں اپنے لوگوں کے ساتھ مل کر جنگ جاری رکھوں گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’عآپ میں ایک شخص کی تاناشاہی کی وجہ سے جمہوریت ختم ہو چکی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ الکا لامبا نے 6 ستمبر کو اروند کیجریوال کی قیادت والی عآپ کو چھوڑنے اور پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفی دینے کا اعلان کیا تھا۔ لامبا کے کئی معاملات پر پارٹی سے اختلاف چل رہا تھا ۔


یاد رہے کہ بھاردواج کی عرضی پر پارٹی کے دیگر چار ارکان کو بھی نااہل قرار دیا جا چکا ہے۔ ان میں انل کمار واجپئی، کرنل دیویندر سہراوت اور کپل مشرا کو بی جے پی سے تعلقات کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا ہے جبکہ سندیپ کمار کو بی ایس پی کے ساتھ تعلقات کی بنا پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2019, 4:10 PM