’بی جے پی حکومت جانے والی ہے، ان کے پاس محض 400 دن بچے ہیں‘، اکھلیش یادو کا مودی حکومت پر حملہ

اکھلیش یادو نے بی جے پی پر منتخب حکومتوں کو پریشان کرنے کا الزام عائد کیا ہے، انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخاب میں بی جے پی کی شکست طے ہے۔

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ کے کھمم میں بی آر ایس نے ایک جلسہ عام منعقد کیا جس میں سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بھی شامل ہوئے۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کل بی جے پی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ ختم ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ 400 دن باقی ہیں۔ ہمیں تو لگتا تھا کہ یہ حکومت وہ ہے جو دعویٰ کرتی تھی کہ ہٹے گی نہیں، لیکن اب وہ خود اعتراف کر رہے ہیں کہ اب 400 دن ہیں۔ جو حکومت اپنے دن گننے لگے تو سمجھ لو یہ حکومت 400 دن بعد رکنے والی نہیں ہے۔‘‘

اکھلیش یادو نے اپنی تقریر کے دوران بی جے پی پر منتخب حکومتوں کو پریشان کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخاب میں بی جے پی کی شکست طے ہے۔ فاشسٹ رویہ پر سوال اٹھانے والے لیڈروں کو پریشان کرنا مرکز کی عادت بن گئی ہے۔ ساتھ ہی اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’سورج جنوری سے ’اتراین‘ میں چلا گیا ہے۔ قومی سیاست ’دکشناین‘ میں آ رہی ہے۔‘‘


اپنے خطاب میں اکھلیش یادو نے مرکز کی مودی حکومت کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کی یوگی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یوپی حکومت کی گلوبل انویسٹرس سمٹ ایک دھوکہ ہے۔ ریاست میں کوئی بھی سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’ڈبل انجن حکومت میں یوپی کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */