بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری پر یوگی حکومت کے خلاف عوام میں زبردست ناراضگی: اکھلیش
اکھلیش یادو نے کل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی، غلط جی ایس ٹی اور بھاری ٹیکس کا مسئلہ طویل عرصے سے اٹھا رہی ہے۔

سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اوراتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کو لے کر لوگ یوگی حکومت سے کافی ناراض ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے تعلیم، صحت خدمات، سب کچھ برباد کر دیا ہے۔
اکھلیش یادو نے ہفتہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی، غلط جی ایس ٹی اور بھاری ٹیکس کا مسئلہ طویل عرصے سے اٹھا رہی ہے۔ ناقص جی ایس ٹی کی وجہ سے مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے۔ آخر کار حکومت کو جی ایس ٹی کی خامیوں کو قبول کرنا پڑا۔ جی ایس ٹی نے کاروبار اور تاجروں کو برباد کر دیا۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ عوام اور تاجروں پر جی ایس ٹی لگانے کا فیصلہ کس کے مشورے پر لیا گیا تھا۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی۔ عوام کو مہنگی بجلی مل رہی ہے۔ تعلیم اور علاج مہنگا ہو گیا ہے۔ غریب، کسان، متوسط طبقہ بی جے پی حکومت کی مہنگائی سے پریشان ہوگیا ہے۔
بی جے پی حکومت کی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ چین قابل اعتبار نہیں ہے۔ چین ہندستان کو کئی بار دھوکہ دے چکا ہے۔ اس نے ہماری زمینوں پر قبضہ کیا ہے۔ چین نے آپریشن سندور میں بھی پاکستان کی مدد کی۔ اس کی نظریں ہندوستان کی زمین اور کاروبار پر ہیں۔ بی جے پی حکومت اسی چین کے ساتھ تجارت بڑھا رہی ہے۔ حکومت کوچین سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
'ووٹ چوری' کے تعلق سے اکھلیش یادو نے کہا کہ ووٹ چوری کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ الیکشن کمیشن ایسے افسران کے خلاف کارروائی کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔