دہلی کی فضائی آلودگی پر اجئے ماکن نے پھر کیا اظہارِ تشویش، حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ
اجئے ماکن کے مطابق حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو صحت مند ماحول فراہم کریں، نہ کہ فضائی آلودگی کے مسئلہ کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کریں۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ اجئے ماکن نے ایک بار پھر قومی راجدھانی کی خراب فضائی کیفیت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت اور دہلی کی ریکھا گپتا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تازہ فضائی معیار (ایئر کوالٹی انڈیکس) کے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کی ہوا اب بھی صحت کے لیے تشویش کا باعث ہے اور اس مسئلہ پر فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
اجئے ماکن نے بتایا کہ دہلی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 137 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے معیار کے مطابق محفوظ سطح اے کیو آئی 25 ہے، جو پی ایم 2.5 کے 15 مائیکروگرام فی مکعب میٹر کے برابر مانی جاتی ہے۔ کانگریس لیڈر کے مطابق یہ فرق اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہلی کے شہری اب بھی آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہر کا مجموعی اے کیو آئی 137 ہے، جو ’درمیانہ‘ زمرے میں آتا ہے۔ لیکن بعض علاقوں میں صورت حال کہیں زیادہ خراب ہے۔ ان کے مطابق کینٹونمنٹ ایریا میں اے کیو آئی 301 ریکارڈ کیا گیا، جو ’بہت خراب‘ زمرہ میں شمار ہوتا ہے، اور وہاں اوزون کی بلند سطح فضائی آلودگی کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔
اجئے ماکن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی ایم 10 آلودگی کے بڑے ذرائع، خصوصاً تعمیراتی سرگرمیوں اور سڑکوں کی دھول پر فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کینٹونمنٹ ایریا جیسے علاقوں میں مقامی سطح پر ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو مزید خراب فضائی کیفیت سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دہلی کے تمام فضائی معیار والے جانچ مراکز کا ریئل ٹائم اے کیو آئی عوام کے سامنے شفاف انداز میں پیش کیا جائے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے متعلقہ اداروں کی واضح جوابدہی طے کی جائے۔
اپنے پوسٹ کے آخر میں اجئے ماکن نے کہا کہ ’’سانس لینا ایک بنیادی حق ہے، کوئی سہولت نہیں۔‘‘ ان کے مطابق حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو صحت مند ماحول فراہم کریں، نہ کہ فضائی آلودگی کے مسئلہ کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کریں۔ قابل ذکر ہے کہ اجئے ماکن گزشتہ کئی ماہ سے دہلی کی فضائی آلودگی، ایئر کوالٹی انڈیکس اور ماحولیاتی پالیسیوں پر مسلسل اعداد و شمار کے ساتھ اپنی رائے پیش کرتے رہے ہیں۔ وہ وقتاً فوقتاً مرکز کی مودی حکومت اور دہلی کی ریکھا گپتا حکومت پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور طویل مدتی حکمت عملی اختیار نہیں کی جا رہی، جس کے باعث قومی راجدھانی کے لاکھوں باشندے آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی عوامی صحت کے لیے مزید بڑا بحران بن سکتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
