اجئے رائے کو ملی یوپی کانگریس کی کمان، سرجے والا مدھیہ پردیش اور واسنک گجرات کے انچارج جنرل سکریٹری مقرر

کانگریس نے اجئے رائے کو اتر پردیش کانگریس کا صدر مقرر کیا ہے، اس کے علاوہ پارٹی نے گجرات کے لیے مکل واسنک اور مدھیہ پردیش کے لیے رندیپ سنگھ سرجے والا کو انچارج جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اجئے رائے، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

اجئے رائے، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب سے قبل اتر پردیش میں کانگریس نے تنظیم کو مضبوطی فراہم کرنے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ اس کے پیش نظر کانگریس نے دو بار وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف انتخاب لڑ چکے اجئے رائے کو اتر پردیش کانگریس کا صدر مقرر کیا ہے۔ اجئے رائے وزیر اعظم مودی کے خلاف وارانسی سے 2014 اور 2019 کا لوک سبھا انتخاب لڑ چکے ہیں۔

اجئے رائے کو موجودہ ریاستی صدر برج لال کھابری کی جگہ لایا گیا ہے۔ 54 سالہ اجئے رائے کی پیدائش وارانسی میں ہوئی تھی۔ وہ لگاتار 5 بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ 1996 میں بی جے پی جوائن کرنے کے بعد سے وہ 2007 تک رکن اسمبلی رہے۔ اس کے بعد بی جے پی اعلیٰ کمان سے نااتفاقی کے سبب انھوں نے سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا تھا۔ 2009 میں انھوں نے مرلی منوہر جوشی کے خلاف پارلیمانی انتخاب لڑا اور شکست کھا گئے تھے۔ اس کے بعد بطور آزاد امیدوار پنڈرا سے ضمنی انتخاب جیت کر رکن اسمبلی بنے۔ بعد میں انھوں نے کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی۔


اس کے علاوہ کانگریس نے تنظیم میں مزید کچھ تبدیلیاں بھی کی ہیں۔ کانگریس نے سینئر لیڈر مکل واسنک کو گجرات کا انچارج جنرل سکریٹری اور رندیپ سنگھ سرجے والا کو مدھیہ پردیش کا انچارج جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔ ان دونوں نے بالترتیب رگھو شرما اور جئے پرکاش اگروال کی جگہ لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔