انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے پر ایئر انڈیا کی پرواز واپس دہلی لوٹی، تمام مسافر محفوظ
ایئر انڈیا کی دہلی سے بالی، انڈونیشیا جانے والی پرواز اےآئی-2145 آتش فشاں کے سبب دہلی واپس لوٹ آئی۔ تمام مسافر محفوظ ہیں، ان کے لیے ہوٹل کا بندوبست کیا گیا ہے اور ری فنڈ یا ری شیڈول کی سہولت دی گئی ہے

نئی دہلی: ایئر انڈیا کی دہلی سے انڈونیشیا کے مشہور سیاحتی مقام بالی کے لیے روانہ ہونے والی پرواز اےآئی-2145 آتش فشاں پھٹنے کی وجہ سے دہلی واپس لوٹ آئی۔ ایئر لائن نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
یہ پرواز بدھ کی صبح دہلی سے روانہ ہوئی تھی لیکن بالی کے ہوائی اڈے کے قریب آتش فشاں کے پھٹنے کی اطلاعات کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے مشورہ کر کے اسے واپس دہلی لایا گیا۔ فلائٹ دہلی ایئرپورٹ پر محفوظ طریقے سے لینڈ کر گئی اور تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔
ایئر انڈیا کے بیان میں کہا گیا، ’’18 جون 2025 کو دہلی سے بالی کے لیے پرواز اےآئی-2145 کو بالی ہوائی اڈے کے نزدیک آتش فشاں پھٹنے کی اطلاعات کے باعث دہلی واپس لوٹنے کی ہدایت دی گئی۔ یہ فیصلہ مکمل احتیاط کے تحت مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ دہلی ایئرپورٹ پر پرواز کی محفوظ لینڈنگ ہوئی اور تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا ہے۔‘‘
ایئرلائن نے مزید کہا کہ مسافروں کو پیش آئی تکلیف پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کی سہولت کے لیے دہلی میں ہوٹل میں قیام کا بندوبست کیا گیا ہے، تاکہ ان کی پریشانی کو کم کیا جا سکے۔
ایئر انڈیا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو مکمل ری فنڈ یا ان کی پسند کے مطابق پرواز کی مفت ازسرنو تاریخ بندی (ری شیڈولنگ) کی سہولت دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب دہلی میں موسم کی خرابی کے سبب بھی پروازوں پر اثر پڑا۔ منگل کو ایک افسر کے مطابق خراب موسم کے باعث شام کے وقت دہلی ایئرپورٹ پر 14 پروازوں کو دیگر شہروں میں موڑ دیا گیا۔
ان میں چھ پروازیں بھوپال، تین چنڈی گڑھ، دو امرتسر اور ایک ایک پرواز احمد آباد، وارانسی اور لکھنؤ کی طرف موڑی گئیں۔ فلائٹ ریڈار 24 ڈاٹ کام کی پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق منگل کو دہلی ایئرپورٹ پر 400 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور کچھ پروازیں منسوخ بھی کر دی گئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔