ایئر انڈیا کا اندور جا رہا طیارہ ’فائر الرٹ‘ کے بعد دہلی لوٹا، سبھی مسافر محفوظ
ایئر انڈیا کے مطابق یہ واقعہ فلائٹ AI2913 کے ساتھ پیش آیا۔ ٹیک آف کے فوراً بعد کاک پٹ کرو کو داہنے انجن سے متعلق فائر الرٹ ملا، جس کے بعد فوری طور پر طیارے کو واپس دہلی ہوائی اڈے پر اتار دیا گیا۔

دہلی سے اندور جا رہے ایئر انڈیا کے ایک طیارے کو اتوار کو ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد واپس دہلی لوٹنا پڑا۔ ایئر لائنس نے اطلاع دی کہ طیارے کے داہنے انجن میں آگ کا اشارہ ملنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ طیارے میں سوار سبھی مسافر پوری طرح سے محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔
ایئر انڈیا کے مطابق یہ واقعہ فلائٹ AI2913 کے ساتھ پیش آیا جو 31 اگست کو دہلی سے اندور جا رہا تھا۔ ٹیک آف کے فوراً بعد کاک پٹ کرو کو داہنے انجن سے متعلق فائر الرٹ ملا۔ اسٹینڈرڈ پروسیزر پر عمل کرتے ہوئے کاک پٹ کرو نے فوراً انجن کو شٹ ڈاؤن کر دیا اور طیارے کو محفوظ طریقے سے واپس دہلی ہوائی اڈے پر اتار دیا۔ ایئر لائنس نے کہا کہ سبھی مسافر اور کرو پوری طرح محفوظ ہیں اور کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔
ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ کو فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور اس کی تکنیکی جانچ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی مسافروں کو اندور بھیجنے کے لیے ایک متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا ہے جو جلد ہی پرواز کرے گا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایئر لائنس میں تکنیکی سیکوریٹی کو لے کر لگاتار سختی بڑھائی جا رہی ہے۔ حالانکہ ایئر انڈیا نے صاف کیا ہے کہ پورے آپریشن کے دوران اسٹینڈرڈ سیفٹی پروٹوکال پر عمل کیا گیا اور مسافروں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔ ایئر لائنس نے کہا کہ ایئر سیفٹی ریگولیٹر ڈی جی سی اے کو اس واقعہ کی جانکاری دے دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔