فضائیہ کی کوششوں کو رفتار دینے کی ضرورت: مودی

اس میٹنگ میں ایئرچیف مارشل بھدوریا نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ فضائیہ 24 گھنٹے فعال ہے، ملک اور بیرون ملک سے اپنے بیڑے کے طیاروں کے ذریعے کووڈ سے متعلق اشیاء کے ٹرانسپورٹ کے لیے ہر وقت تیار ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کووڈ وبا کے وقت سامان کے ٹرانسپورٹ میں ہندوستانی فضائیہ کی کوششوں کو زیادہ رفتار اور سلامتی کے ساتھ بڑے پیمانے پر کرنے کی ضروت کا اظہار کیا۔ پی ایم مودی نے آج یہاں وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل راکیش سنگھ بھدوریا سے کووڈ عالمی وبا میں فضائیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی معلومات لی۔

اس میٹنگ میں ایئرچیف مارشل بھدوریا نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ فضائیہ 24 گھنٹے فعال ہے، ملک اور بیرون ملک سے اپنے بیڑے کے طیاروں کے ذریعے کووڈ سے متعلق اشیاء کے ٹرانسپورٹ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کرو ممبران کو اسی کے حساب سے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


پی ایم مودی نے کہا کہ آکسیجن ٹینکر اور ضروری اشیاء کے ٹرانسپورٹ کا کام زیادہ رفتار اور سلامتی کے ساتھ بڑے پیمانے پر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کام اس طرح سے کیا جائے کہ فضائیہ کے جوان اور افسر وائرس کے شکار نہ ہوں اور اشیاء کی نقل و حمل بھی مکمل حفاظت کے ساتھ ہو۔

فضائیہ کے سربراہ نے مطلع کیا کہ فضائیہ بڑے اور درمیانی کٹیگری کے طیاروں کو ہر طرح کے جغرافیائی علاقوں میں آپریٹ کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فضائیہ نے ایک کووڈ ایئر سپورٹ سیل کی تشکیل کی ہے جو مختلف وزارتوں اور ایجنسیوں کے ساتھ کووڈ سے متعلق مہموں میں فوراً کوآرڈینیشن یقینی بنا رہی ہے۔


وزیراعظم نے فضائیہ کے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی صحت کے بارے میں پوچھا۔ فضائیہ کے سربراہ نے بتایا کہ فضائیہ میں ٹیکہ کاری تقریباً صد فیصد ہو گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فضائیہ نے اپنے اسپتالوں میں کووڈ کی سہولت بڑھا دی ہے اور جہاں بھی ممکن ہے، وہاں عام شہریوں کو بھی علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔