2025 تک مگ-21 بائسن طیارے ہوں گے ریٹائر، باڑمیر حادثہ کے بعد فضائیہ کا اعلان

راجستھان کے باڑمیر میں جمعرات کی شام ایک مگ-21 ٹائپ 69 تربیتی طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں دونوں پائلٹوں کی موت ہو گئی، مگ-21 کے ایسے حادثوں کو دیکھتے ہوئے اس کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حال ہی میں اپنے پرانے روسی جنگی طیارہ بیڑے میں شامل حادثات کے درمیان ہندوستانی فضائیہ اب 30 ستمبر تک مگ-21 بائسن طیارہ کے مزید ایک اسکواڈرن کو ریٹائر کرنے جا رہی ہے۔ راجستھان کے باڑمیر میں جمعرات کی شام ایک مگ-21 ٹائپ 69 تربیتی طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا، جس میں دونوں پائلٹوں کی موت ہو گئی۔ مگ-21 کے ایسے ہی حادثوں کو دیکھتے ہوئے ایئرفورس نے ان طیاروں کو اپنے ذخیرے سے باہر کرنے کا اہم فیصلہ لیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سری نگر ہوائی اڈے سے باہر واقع 51 اسکواڈرن کو 30 ستمبر کو نمبر پلیٹ کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد طیاروں کے صرف تین اسکواڈرن سروس میں رہ جائیں گے اور سال 2025 تک سلسلہ وار طریقے سے یہ ریٹائر ہوں گے۔ فضائیہ کے افسران نے بتایا کہ اب ہر سال ان طیاروں میں سے ہر پر ایک اسکواڈرن کی نمبر پلیٹ لگائی جائے گی۔ 51 اسکواڈرن 27 فروری 2019 کو ہندوستان پر پاکستان کے ہوائی حملے کو ناکام کرنے اور وِنگ کمانڈر (اب گروپ کیپٹن) ابھینندن ورتمان کے ذریعہ اڑائے گئے ایک طیارہ میں ایف16 کو باہر نکالنے کے لیے مشہور ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واحد مثال ہے جب مگ-21 طیارہ نے ہوا سے ہوا میں لڑائی میں ایف-16 کو مار گرایا۔


واضح رہے کہ گزشتہ 20 مہینے میں 6 مگ-21 طیارے حادثوں کے شکار ہوئے ہیں جن میں پانچ پائلٹوں کی جان چلی گئی ہے۔ مگ-21 کو بہت پہلے ہی بند کر دیا جانا تھا لیکن ایل سی اے تیجس طیارہ کو شامل کرنے میں تاخیر نے ہندوستانی فضائیہ کو ان طیاروں کو اڑانا جاری رکھنے کے لیے مجبور کیا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ پرواز سے پہلے ان طیاروں کی وسیع جانچ کرتی ہے اور پائلٹ کے پرواز بھرنے سے پہلے سبھی حفاظتی پہلوؤں کا دھیان رکھا جاتا ہے۔ افسران نے کہا کہ نمبر پلیٹڈ اسکواڈرن کو مستقبل قریب میں زیادہ اہل طیارہ کے ساتھ جلد ہی پھر سے سرگرم کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔