اگنی پتھ اسکیم: ’18 سال کے نوجوان کو بندوق کا لائسنس دے کر چھوڑ دیں گے!‘

’اگنی پتھ بھرتی منصوبہ‘ پر کانگریس نے فکر ظاہر کی اور حکومت کے فیصلے پر حملہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ وہ نوجوان کون ہوں گے جس کو بھرتی کریں گے؟ آر ایس ایس یا بی جے پی کے کارکنان ہوں گے؟

تصویر ویپن
تصویر ویپن
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ذریعہ فوج میں بھرتی کے عمل میں بڑی تبدیلی کے تحت پیش ’اگنی پتھ بھرتی منصوبہ‘ پر کانگریس نے فکر کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس نے یہ سوال کیا ہے کہ وہ نوجوان کون ہوں گے جس کو بھرتی کریں گے؟ آر ایس ایس یا بی جے پی کے کارکنان ہوں گے؟ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اگنی پتھ اسکیم پر فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ کس طرح کے نوجوانوں کی بھرتی کی جائے گی۔ انھوں نے بے روزگاری عروج پر ہونے اور دو کروڑ ملازمت دینے کے پی ایم مودی کے وعدے کا بھی تذکرہ کیا جس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اس منصوبہ کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کو بندوق چلانا سکھا دو اور سماج میں چھوڑ دو۔ اگر جوانوں کی بھرتی کر رہے ہیں تو 35 سال تک اسے فوج میں رکھیے، تب اس نوجوان میں سمجھداری آ جائے گی۔ 18 سال کے نوجوان کو بھرتی کریں گے اور بندوق کا لائسنس تھما کر چھوڑ دیں گے تو آپ ملک کو کیا بنانا چاہتے ہیں؟ بگھیل کا کہنا ہے کہ حکومت کی نیت میں خرابی ہے، ان کا مقصد روزگار فراہم کرنا نہیں ہے۔ نوجوانوں کو بھٹکانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر روزگار ہی دینا ہے تو 20 سال تک کا دیجیے۔


کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’مودی حکومت ہندوستانی افواج کے وقار، روایت، ڈسپلن سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ فوجیوں میں ریگولر بھرتی روک کر چار سال کے ٹھیکے پر فوج بھرتی ملک کی سیکورٹی کے لیے اچھا پیغام نہیں۔ چار سال کی ملازمت کے بعد بھرتی ہوئے نوجوانوں کا مستقبل کیا ہوگا؟‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ چار سال کے بعد 22 سے 25 سال کی عمر میں بغیر کسی اضافی اہلیت کے یہ نوجوان اپنے مستقبل کی تعمیر کیسے کریں گے؟ کیا یہ صحیح نہیں کہ 15 سال کی سروس کے بعد جب ریگولر فوجی بھی واپس گھر لوٹتا ہے تو اسے بیشتر وقت صرف بینک میں گارڈ یا سیکورٹی گارڈ کی ملازمت ہی مل پاتی ہے؟ تو ایسے میں چار سال کی کانٹریکٹ سروس کے بعد یہ 23 سے 25 سال کا نوجوان کیا کر سکے گا؟ انھوں نے کہا کہ کیا اس کی زندگی سوالیہ نشان نہیں بن جائے گی، اور کیا وہ روزی روٹی اور اچھی زندگی کی تلاش میں کہیں کسی غلط راستے کی طرف تو متوجہ نہیں ہو جائے گا؟ کیا مودی حکومت ان فکروں اور امکانات کا جواب دے گی؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔