مرکز میں برسراقتدار ہونے پر کانگریس جی ایس ٹی کا نیا نظام لائے گی: بادل

پنجاب کے وزیر خزانہ من پریت سنگھ بادل کا کہنا ہے کہ کانگریس نے جی ایس ٹی کی موجودہ ساخت میں تین خامیوں کی نشان دہی کی ہے۔ اس میں ابہام ہے اور ٹیکنالوجی سے متعلق کئی خامیاں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: پنجاب کے وزیرخزانہ من پریت سنگھ بادل نے آج کہا کہ اگر اگلے سال مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو وہ اشیا اورخدمات ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کا نیا نظام جی ایس ٹی۔2 لائیگی۔ مسٹر بادل نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کو پہلے ٹیکس سلیب کو منطقی بنانے، ریاستوں کا محصول بڑھانے، ٹیکس ڈھانچہ سہل بنانے اور معیشت کو مضبوط کرنے کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’کانگریس صدر راہل گاندھی اکثر جی ایس ٹی کو گبر سنگھ ٹیکس کہتے ہیں کیونکہ موجودہ جی ایس ٹی بے رحم ہے۔‘‘

پنجاب کے وزیر خزانہ نے کہا کہ کانگریس نے جی ایس ٹی کی موجودہ ساخت میں تین خامیوں کی نشان دہی کی ہے۔ اس میں ابہام ہے اور ٹیکنالوجی سے متعلق کئی خامیاں ہیں۔ ساتھ ہی اس میں تاجروں اور صنعتوں کے درمیان صلاح و مشورہ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے جی ایس ٹی کونسل کو ٹیکسٹائلز صنعت میں ٹیکس کو منطقی بنانے کی تجویز رکھی ہے۔ اس نے یہ بھی کہا ہے کہ کمپوزیشن منصوبہ میں چھوٹی اور درمیانہ صنعتوں کے لیے حد بڑھائی جانی چاہئے۔ لیکن کانگریس کی تجویزپر کونسل نے توجہ نہیں دی ہے۔ مسٹر بادل نے بتایا کہ کانگریس کے ارکان نے جی ایس ٹی کونسل میں کانگریس کی حکمرانی والی ریاست سے ڈپٹی چیئرمین مقرر کرنے کی تجویز رکھی ہے اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بھی اس طرح کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */