ہماچل میں شاندار جیت کے بعد کانگریس حکومت سازی کے لئے مصروف، شملہ میں قانون ساز پارٹی کا اجلاس طلب

جیت کے بعد کانگریس پارٹی اب ریاست میں حکومت بنانے کے لئے مصروف ہے۔ شملہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ آج سہ پہر 3 بجے کانگریس ہیڈ کوارٹر راجیو بھون میں منعقد ہوگی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شملہ: ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس نے 68 میں سے 40 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ جیت کے بعد کانگریس پارٹی اب ریاست میں حکومت بنانے کے لئے مصروف ہے۔ شملہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ آج سہ پہر 3 بجے کانگریس ہیڈ کوارٹر راجیو بھون میں منعقد ہوگی۔ اجلاس میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ ہماچل پردیش کانگریس کے انچارج راجیو شکلا، مبصرین بھوپیش بگھیل اور بھوپیندر ہڈا اس اجلاس میں موجود رہیں گے۔

اس سے قبل جمعرات کو ہماچل پردیش کانگریس کے انچارج راجیو شکلا نے کہا تھا کہ پارٹی سربراہ فیصلہ کرے گا کہ ہماچل پردیش کا وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست میں 10 وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا، "یہ ریاست کے لوگوں کی جیت ہے۔ لوگوں نے تبدیلی اور بے روزگاری کے مسئلہ پر ووٹ دیا ہے۔ ہم نے پارٹی سربراہ ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کی اور اپنے اگلے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘


جمعرات کو اعلان کردہ نتائج میں کانگریس ہماچل پردیش میں پانچ سال بعد اقتدار میں واپس آئی ہے۔ اقتدار مخالف لہر پر سوار ہو کر کانگریس نے 68 رکنی اسمبلی میں 40 سیٹیں جیت لیں۔ وہیں بی جے پی نے 25 سیٹیں حاسل کی ہیں۔ آزاد امیدواروں نے 3 سیٹیں حاصل کیں، جبکہ عام آدمی پارٹی ریاست میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔

ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر نے انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد جمعرات کو ہی اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ انہوں نے کہا، "میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران وزیر اعظم اور مرکزی قیادت (ان کی حمایت کے لیے) کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ ہم ریاست کی ترقی کے لیے کھڑے رہیں گے۔ ہم اپنی کوتاہیوں کا تجزیہ کریں گے اور اگلی مدت کے دوران بہتری لائیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */