کرناٹک میں شکست کے بعد بی جے پی کو ستانے لگا اتر پردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں کا ڈر، خصوصی منصوبہ تیار!

جولائی اور اگست ماہ سے وزیر اعظم نریندر مودی اتر پردیش کا دورہ شروع کر دیں گے، ریاست میں کئی پروجیکٹس مکمل ہونے کے قریب ہیں جس کا افتتاح کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کرناٹک اسمبلی انتخاب میں کانگریس کے ہاتھوں ملی شرمناک شکست کے بعد بی جے پی خیمہ میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔ ملک میں آئندہ سال لوک سبھا انتخاب ہونا ہے اور اتر پردیش میں موجود لوک سبھا کی سب سے زیادہ 80 سیٹوں کو لے کر بی جے پی میں ایک طرح کا خوف پیدا ہو گیا ہے۔ بی جے پی کو فکر ہو رہی ہے کہ کہیں اتر پردیش میں بھی انھیں کرناٹک کی طرح عوام کی ناراضگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے ’مشن 2024‘ کے مدنظر اتر پردیش پر خاص توجہ دینی شروع کر دی ہے۔

میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق کرناٹک میں شکست کے بعد بی جے پی بہت محتاط ہو گئی ہے اور اتر پردیش کے لیے ایک خاص منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ بی جے پی کی یہ کوشش ہے کہ اب ہر ماہ وزیر اعظم نریندر مودی اتر پردیش کا دورہ کریں۔ اس طرح بی جے پی کے حق میں ماحول بنایا جائے گا اور عوام کے سامنے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا جائے گا۔ پی ایم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جلد ہی یوپی کا دورہ شروع بھی کرنے والے ہیں۔ پوری ریاست میں الگ الگ مقامات پر ان کے دورے ہوں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی ایسے پروجیکٹس ہیں جن کا افتتاح اور سنگ بنیاد اسی دوران ہوگا۔ اس کے ذریعہ لوک سبھا انتخاب سے قبل بی جے پی اتر پردیش میں اپنے ترقیاتی کاموں کو عوام کے سامنے رکھے گی۔


ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی اور اگست ماہ سے وزیر اعظم مودی اتر پردیش کا دورہ شروع کریں گے۔ جون کے آخری ہفتہ یا پھر جولائی کے پہلے ہفتہ میں دہلی-میرٹھ ریپڈ ریل کا افتتاح ہونا ہے۔ اس کے علاوہ اگست-ستمبر میں گلوبل انویسٹرس سمٹ کی پہلی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کا ’بھومی پوجن‘، آگرہ میں میٹرو ریل کا افتتاح وغیرہ شامل ہے۔ ایودھیا میں ’مریادا پرشوتم انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ کا بھی افتتاح رواں سال نومبر میں ہونا طے مانا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ نوئیڈا میں جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح بھی وزیر اعظم نریندر مودی ہی کریں گے۔

اتر پردیش کی ترقی سے جڑے ان پروجیکٹس کو اتر پردیش سے ’مشن 2024‘ کے غیر رسمی اعلان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ایک طرف پی ایم مودی اتر پردیش میں پروجیکٹس کے سنگ بنیاد اور افتتاح کر ترقی کا پیغام ملک کو دینے کی کوشش کریں گے، تو وہیں دوسری طرف پارٹی تنظیم کے ہر محاذ کو بھی مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ اس کے لیے تنظیم کے دو بڑے چہرے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کمان سنبھالنے والے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔