مہادیوپورا والے ’ایٹم بم‘ کے بعد اب ’ہائیڈروجن بم‘ آنے والا ہے، اس کے بعد مودی اپنا چہرہ نہیں دکھا پائیں گے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ بنگلورو سنٹرل میں 7 اسمبلی حلقے ہیں اور 6 میں ہم جیتتے ہیں، جہاں ایک لاکھ فرضی ووٹ تھے وہاں ہم صاف ہو جاتے ہیں۔ اسی اسمبلی حلقہ کے سبب بی جے پی جیت جاتی ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج پٹنہ میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا اختتام ایک بہت بڑے اعلان کے ساتھ کیا۔ انھوں نے اس یاترا کے اختتام پر منعقد ’ووٹر ادھیکار مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مہادیو پورا والے ’ایٹم بم‘ کے بعد اب ’ہائیڈروجن بم‘ آنے والا ہے۔ اس کے بعد نریندر مودی اپنا چہرہ نہیں دکھا پائیں گے۔‘‘ راہل گاندھی کا یہ اعلان کسی بہت بڑے انکشاف کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انھوں نے مہادیوپورا اسمبلی حلقہ میں مبینہ طور پر ایک لاکھ سے زائد فرضی ووٹوں کا انکشاف کر پہلے ہی الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ بی جے پی کو بھی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ بہار میں آج اختتام پذیر ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ غلط طریقے سے ووٹ کاٹنے اور ووٹ جوڑنے کے خلاف ہی شروع کی گئی تھی، جس نے بہار میں عوام کے اندر ’ووٹ چوری‘ سے متعلق زبردست بیداری پیدا کر دی ہے۔
آج پٹنہ کے ڈاک بنگلہ میں لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں این سی پی، کانگریس، شیوسینا سے انتخاب کی چوری کی گئی تھی۔ یہ بات 100 فیصد سچ ہے۔ ایک کروڑ نئے ووٹرس لوک سبھا انتخاب کے بعد ووٹر لسٹ میں جوڑے جاتے ہیں اور پھر نئے ووٹر آ کر ووٹ کرتے ہیں۔ ہمارے اتحاد کو جتنا لوک سبھا میں ووٹ ملا، اتنا ہی ووٹ اسمبلی انتخاب میں بھی ملا، لیکن نئے ووٹ بی جے پی کو گئے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’لوک سبھا میں ہم جیتے، لیکن اسمبلی میں ہم ہار گئے۔ ایسا اس لیے کیونکہ الیکشن کمیشن اور بی جے پی نے ووٹ چوری کی۔‘‘
کرناٹک کے مہادیوپورا اسمبلی حلقہ کی مثال پیش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نے صاف دکھایا کہ ایک اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ سے زیادہ فرضی ووٹر تھے۔ بنگلورو سنٹرل میں 7 اسمبلی حلقے ہیں، جن میں سے 6 میں ہم جیتتے ہیں۔ جہاں ایک لاکھ فرضی ووٹ تھے، وہاں ہم صاف ہو جاتے ہیں۔ اسی اسمبلی حلقہ کے سبب بی جے پی کو فتح ملتی ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’الیکشن کمیشن سے ہم نے ووٹر لسٹ مانگی، لیکن انھوں نے نہیں دی۔ پھر ہم نے محنت کی اور ہمیں یہ انکشاف کرنے میں 4 مہینے لگے۔ سچائی سامنے آئی تو ہم نے ملک کے سامنے ثبوت پیش کر دیا۔‘‘
اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت اور الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’انھوں نے حقوق کی چوری کی، تعلیم کی چوری کی، نوجوانوں کے مستقبل کی چوری کی، یہ آپ کا سب کچھ لے جائیں گے اور اڈانی و امبانی کو دے دیں گے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’ووٹر ادھیکار یاترا سے ہمیں بہت مثبت رد عمل حاصل ہوا ہے۔ بی جے پی کے لوگ کچھ مقامات پر سیاہ پرچم دکھانے لگے، لیکن بی جے پی کے لوگ اچھی طرح سے سن لیجیے ’ایٹم بم‘ سے بڑا ’ہائیڈروجن بم‘ ہوتا ہے۔ بی جے پی کے لوگوں تیار ہو جاؤ، ہائیڈروجن بم آ رہا ہے۔ ہائیڈروجن بم آنے کے بعد مودی جی اپنا چہرہ نہیں دکھا پائیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔