بی جے پی-اکالی دل اتحاد کو شیر سنگھ نے دیا زبردست جھٹکا، کانگریس میں شامل

شرومنی اکالی دل کے رکن پارلیمنٹ شیر سنگھ گھبایا نے 4 مارچ کو پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا اور 5 مارچ کو راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت حاصل کر لی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات سے قبل پنجاب میں بی جے پی اور شرومنی اکالی دل اتحاد کو زبردست جھٹکا پہنچا ہے۔ فیروز پور سے شرومنی اکالی دل کے رکن پارلیمنٹ شیر سنگھ گھبایا منگل کے روز کانگریس میں شامل ہو گئے۔ انھوں نے پیر کے روز شرومنی اکالی دل کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا اور قیاس ظاہر کیے جا رہے تھے کہ وہ جلد کسی دیگر پارٹی کا دامن تھامیں گے۔ آج انھوں نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔

اس سے قبل پیر کے روز شیر سنگھ گھبایا نے شرومنی اکالی دل سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سکھبیر سنگھ بادل کی غلط پالیسیوں کے سبب انھوں نے پارٹی سے استعفیٰ دیا۔ گھبایا نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اب لوگوں کا شرومنی اکالی دل سے یقین اٹھ چکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دس سالوں سے فیروز پور پارلیمانی سیٹ سے شیر سنگھ گھبایا رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اس سے پہلے جلال آباد اسمبلی سیٹ سے وہ تین بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ تیسری بار انھوں نے سکھبیر سنگھ بادل کے لیے جلال آباد سے رکن اسمبلی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بعد میں فیروز پور سے پارلیمانی انتخاب لڑا تھا۔ شیر سنگھ گھبایا سکھبیر سنگھ بادل کے بے حد قریبیوں میں سے ایک تھے۔ لیکن شیر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پریشان تھے۔ اس دوران انھوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی میں رہتے ہوئے انھیں لگاتار نظر انداز کیا جا رہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔