دہلی ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملی تو سپریم کورٹ پہنچے نیوز کلک کے بانی پربیر پرکایستھ

سینئر وکیل کپل سبل نے پربیر اور امت کی گرفتاری معاملے کو سپریم کورٹ میں رکھتے ہوئے کہا کہ 73 سالہ صحافی (پربیر) کو بغیر نوٹس کے گرفتار کیا گیا ہے اور ہائی کورٹ نے بھی راحت نہیں دی۔

<div class="paragraphs"><p>نیوز کلک کے بانی پربیر پرکایستھ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

نیوز کلک کے بانی پربیر پرکایستھ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نیوز پورٹل ’نیوز کلک‘ کے بانی پربیر پرکایستھ اور اسی ادارہ سے منسلک امت چکرورتی اس وقت پولیس کی گرفت میں ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ نے گزشتہ دنوں انھیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اب اس معاملے پر دونوں نے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ سینئر وکیل کپل سبل نے پربیر اور امت کی گرفتاری معاملے کو سپریم کورٹ میں رکھتے ہوئے کہا کہ 73 سالہ صحافی (پربیر) کو بغیر نوٹس کے گرفتار کیا گیا ہے اور ہائی کورٹ نے بھی راحت نہیں دی۔ کپل سبل نے گرفتاری کو جائز بتانے والے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج پیش کرتے ہوئے معاملے کی سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی گزارش کی ہے۔ کپل سبل کی بات پر چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے معاملے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو یو اے پی اے کے تحت پربیر اور امت کی گرفتاری اور اس کے بعد پولیس حراست میں بھیجے جانے کے معاملے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس کی کارروائی کو چیلنج کرنے والی عرضی کو خارج کرتے ہوئے جسٹس تشار راؤ گیڈیلا نے کہا تھا کہ ’’عدالت کو دونوں عرضیاں سماعت کے لیے اہل نہیں لگیں۔‘‘


واضح رہے کہ پربیر پرکایستھ اور امت چکرورتی کو دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے 3 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد ان دونوں نے گرفتاری اور 7 دن کی پولیس حراست کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی اور راحت کے طور پر فوری رِہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ذیلی عدالت نے 10 اکتوبر کو انھیں 10 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔