’انسٹاگرام‘ کے بعد ’ایکس‘ پر سونیا گاندھی کا ڈیبیو، اپنی کتاب کی پہلی جھلک دکھائی، راجیو گاندھی سے پہلی ملاقات کو کیا یاد

سونیا نے راجیو گاندھی کے متعلق کہا کہ ’’جب میں ان سے پہلی بار ملی، تو مجھے فوراً محسوس ہوا کہ وہ ایسے انسان ہیں جن کے ساتھ میں رہنا چاہوں گی۔ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ ان کے دل میں بھی یہی بات تھی‘‘

<div class="paragraphs"><p>سونیا گاندھی اور راجیو گاندھی (ویڈیو گریب)</p></div>
i

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ کے بعد اب ’ایکس‘ پر بھی آ گئی ہیں۔ انہوں نے اپنی خودنوشت ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘  (Belonging: A Journey of Love) کی پہلی جھلک دکھائی۔ ویڈیو پوسٹ میں انہوں نے اپنے شوہر اور ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ساتھ پہلی ملاقات کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کی ملاقات برطانیہ میں ایک یونانی ریسٹورنٹ میں ہوئی تھی، جب وہ دونوں طالب علم تھے۔

برطانیہ میں اطالوی کھانے کی تلاش کا ذکر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے بتایا کہ انہیں ایک ایسا یونانی ریسٹورنٹ ملا، جہاں یورپی اور ہندوستانی طلبہ اکثر آتے تھے۔ اسی ریسٹورنٹ میں ان کی راجیو گاندھی سے پہلی ملاقات ہوئی تھی۔ سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’پھر ہمیں یہ جگہ مل گئی۔ یہ ایک یونانی ریسٹورنٹ تھا، جہاں بہت سے طلبہ، خاص طور پر یورپی اور ہندوستانی طلبہ کھانا کھانے آتے تھے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اسی ریسٹورنٹ میں میری ملاقات راجیو سے ہوئی۔ جب میں ان سے پہلی بار ملی، تو مجھے فوراً محسوس ہوا کہ وہ ایسے انسان ہیں جن کے ساتھ میں رہنا چاہوں گی۔ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ ان کے دل میں بھی یہی بات تھی۔‘‘


سونیا گاندھی نے ویڈیو پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’’کیمبرج کے ایک چھوٹے سے یونانی ریسٹورنٹ میں میری محبت کا سفر شروع ہوا۔ راجیو اور میں نے مل کر محبت، مسکراہٹوں اور یادوں سے بھری ایک دنیا بسائی۔ 10 نومبر کو میں وہ دنیا آپ کے ساتھ شیئر کروں گی۔‘‘ کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر سونیا گاندھی کی ویڈیو شیئر کی۔ پارٹی نے لکھا کہ ’’ایک نئی آواز اس گفتگو میں شامل ہو رہی ہے! کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) پر ڈیبیو کیا ہے۔‘‘

سونیا گاندھی نے ’انسٹاگرام‘ پر ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’نمستے سبھی کو، آپ سب کے ساتھ اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ پیش ہے ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی پہلی جھلک۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتی ہیں کہ ’’یہ محبت، فرض، اپنوں کو کھونے اور اپنی جگہ تلاش کرنے کی کہانی ہے۔ مجھے اسے آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں سونیا گاندھی کی پوری زندگی کی کہانی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی میں ان کا بچپن کیسے گزرا، راجیو گاندھی سے انھیں محبت کس طرح ہوئی، جو انہیں ہندوستان لے آئی، اور اپنوں کو کھونے کے غم نے ان کی زندگی اور ہندوستان کے ساتھ ان کے رشتے کو کس طرح بدل دیا۔ اس کتاب میں کانگریس کی سب سے طویل عرصے تک صدر رہنے والی 79 سالہ سونیا گاندھی نے اپنی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں کو سامنے رکھا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کتاب میں سونیا گاندھی نے اپنی ساس اندرا گاندھی اور شوہر راجیو گاندھی کے قتل سے جڑے انتہائی ذاتی اور جذباتی تجربات بھی شامل کیے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔