سونیا گاندھی نے ’انسٹاگرام‘ پر بنایا اکاؤنٹ، پہلی ویڈیو میں دکھائی اپنی کتاب کی جھلک
انسٹاگرام پر ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے سونیا نے لکھا ہے ’’نمستے سبھی کو، آپ سب کے ساتھ اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ پیش ہے ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی پہلی جھلک۔‘‘

کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر اکاؤنٹ بنا لیا ہے اور اس پر اپنی پہلی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ انھوں نے اپنی خودنوشت ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ (Belonging: A Journey of Love) کی پہلی جھلک دکھاتے ہوئے ویڈیو ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کی ہے، جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’نمستے سبھی کو، آپ سب کے ساتھ اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ پیش ہے ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی پہلی جھلک۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتی ہیں کہ ’’یہ محبت، فرض، اپنوں کو کھونے اور اپنی جگہ تلاش کرنے کی کہانی ہے۔ مجھے اسے آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ کتاب سونیا گاندھی کی پوری زندگی کی کہانی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی میں ان کا بچپن کیسے گزرا، راجیو گاندھی سے انھیں محبت کس طرح ہوئی، جو انہیں ہندوستان لے آئی، اور اپنوں کو کھونے کے غم نے ان کی زندگی اور ہندوستان کے ساتھ ان کے رشتے کو کس طرح بدل دیا۔ اس کتاب میں کانگریس کی سب سے طویل عرصے تک صدر رہنے والی 79 سالہ سونیا گاندھی نے اپنی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں کو سامنے رکھا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کتاب میں سونیا گاندھی نے اپنی ساس اندرا گاندھی اور شوہر راجیو گاندھی کے قتل سے جڑے انتہائی ذاتی اور جذباتی تجربات بھی شامل کیے ہیں۔
واضح رہے کہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے حال ہی میں اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے 82ویں یوم پیدائش پر اپنی والدہ سونیا گاندھی کی کتاب سے متعلق خوشی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کتاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’مجھے بہت خوشی اور فخر ہے کہ آپ کی کہانی ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ آخرکار ان لاکھوں لوگوں تک پہنچے گی جو آپ سے محبت کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’میں جانتا ہوں آپ جیسی نجی مزاج کی شخصیت کے لیے دنیا کو اپنی یہ خوب صورت کہانی بتانا کتنا مشکل رہا ہوگا۔ آج، ان کی سالگرہ پر، میں دیکھ سکتا ہوں کہ پاپا مسکرا رہے ہیں اور فخر کے ساتھ اپنی پیاری سونیا کو دیکھ رہے ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
