کشمیر میں چار روز بعد ہوا موسم خوشگوار، دن بھر چھائی رہی دھوپ

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے قدرے زیادہ تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں چار دنوں کے برف و باراں کے بعد موسم خوشگوار ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 3 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ دریں اثنا وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی موسم خشک و خوشگوار رہا اور دن بھر دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو مختلف جگہوں پر بیٹھے لطف اندود ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

موسم میں بہتری کے ساتھ ہی ہفتے کی صبح سے ہی دیہی علاقوں میں کسانوں کو اپنے اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں میں مصروف دیکھا گیا۔ بارشوں کے بعد وادی کے کھیت کھلیانوں، باغوں، سبزہ زاروں میں مزید نکھار آیا ہے اور پوری وادی نے سبز چادر اوڑھ لی ہے۔ تاہم وادی کے شہر و گام کی سڑکیں پانی اور کیچڑ سے ہنوز بھری ہوئی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکیں چلنے پھرنے کے قابل ہی نہیں ہیں خاص طور پر پیدل سفر کرنے والوں کا چلنا پھرنا از بس محال ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے قدرے زیادہ تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی کے سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔