سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے بعد راہل گاندھی بھی کورونا سے متاثر

کانگریس کے رکن پارلیمان راہل گاندھی کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں، انہوں نے منگل کی دوپہر ٹوئٹ کر کے اس کی اطلاع دی اور اپنے رابطہ میں آنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمان راہل گاندھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ انہوں منگل کے روز ٹوئٹ کر کے اس کی اطلاع دی۔ راہل گاندھی نے اپنے رابطہ میں آنے والے تمام لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’کچھ ہلکی علامات ظاہر ہونے کے بعد میری کورنا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو پائی گئی ہے۔ حال ہی میں میرے رابطہ میں آنے والے تمام لوگ برائے کرم کوورنا کے تمام حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں اور محفوظ رہیں۔‘‘ وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی جلد صحتیابی کی خواہش کرتا ہوں۔


واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بحران کے درمیان راہل گاندھی نے حال ہی میں مغربی بنگال کے اپنے تمام انتخابی جلسوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے بنگال اسمبلی انتخابات میں محض دو ہی عوامی جلسوں سے خطاب کیا تھا اس کے بعد اپنے تمام پروگراموں کو منسوخ کرتے ہوئے دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی ایسا ہی کرنے کی اپیل کی تھی۔

قبل ازیں، سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ بھی گزشتہ روز کورونا کی زد میں آ گئے۔ منموہن سنگھ کو کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد دہلی کے ایمس میں داخل کیا گیا ہے۔ ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم لگاتار ان کی نگہداشت کر رہی ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔


اس سے قبل کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا بھی گزشتہ دنوں کورونا کی زد میں آ گئے تھے۔ رابرٹ واڈرا کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد پرینکا گاندھی خود قرنطینہ میں چلی گئی تھیں اور انہوں نے اپنے انتخابی دوروں کو منسوخ کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں کورونا کی وبا نے انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کر لی ہے۔ ملک میں گزشتہ ایک ہفتہ سے دو لاکھ سے زیادہ یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور گزشتہ تین دنوں میں یہ تعداد ڈھائی لاکھ کو تجاوز کر گئی ہے۔ دہلی، مہاراشٹر، یوپی اور مدھیہ پردیش سمیت متعدد ریاستوں میں بیڈ اور آکسیجن کے لئے ہاہاکار مچا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔