’کووی شیلڈ‘ کے بعد ’کوویکسین‘ کی بھی فراہمی شروع، دہلی سمیت 11 شہروں میں بھیجی گئی پہلی کھیپ

کوویکسین کی پہلی کھیپ کو ایئر انڈیا کی فلائٹ سے دہلی بھیجا گیا ہے۔ پہلی کھیپ میں 80.5 کلوگرام کے تین بکسے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: ہندوستان میں کووڈ-19 سے حفاظت کے لئے ٹیکہ کاری مہم 16 جنوری سے شروع ہونے جا رہی ہے اور ملک بھر میں اس کی تیاریاں پوری کی جا رہی ہیں۔ دواساز کمپنی ’بھارت بائیو ٹیک‘ کی کورونا ویکسین ’کوویکسین‘ کی پہلی کھیپ حیدرآباد سے آج صبح دہلی اور 10 دیگر شہروں کو بھیجی گئی۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ نے اپنی ویکسین ’کووی شیلڈ‘ کی پہلی کھیپ منگل کے روز سے بھیجنی شروع کی تھی۔ کوویکسین کی پہلی کھیپ کو ایئر انڈیا کی فلائٹ سے دہلی بھیجا گیا ہے۔ پہلی کھیپ میں 80.5 کلوگرام کے تین بکسے ہیں۔

’کووی شیلڈ‘ کے بعد ’کوویکسین‘ کی بھی فراہمی شروع، دہلی سمیت 11 شہروں میں بھیجی گئی پہلی کھیپ
PHOOL CHANDRA

نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ بدھ کی صبح 06.40 پر ایئر انڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 559 سے ویکسین کے پہلے کنسائنمنٹ کو حیدرآباد سے دہلی بھیجا گیا ہے۔ دہلی کے علاوہ کوویکسین کی کھیپ، بنگلورو، چنئی، پٹنہ، جے پور اور لکھنؤ کے لئے بھی بھیجی گئی ہے۔ افسر نے معلومات دی کہ آج کل 14 کنسائنمنٹ بھیجے گئے ہیں۔


وزارت صحت کے مطابق ’کوویکسین‘ کی 55 لاکھ اور ’کووی شیلڈ‘ کی 1.1 کروڑ خوراکیں خریدی جا رہی ہیں۔ ان دونوں کمپنیوں کی ویکسینوں کو ڈی سی جی آئی کی جانب سے ہنگامی طور پر استعمال کے لئے منظوری دی جا چکی ہے۔ آئی سی ایم آر کے ساتھ مشترکہ مہم کے تحت بھارت بائیوٹیک نے اس ویکسین کو تیار کیا ہے۔ بھارت بائیوٹیک شروعاتی 38.5 خوراک کے لئے 295 روپے فی خوراک کی قیمت وصول کر رہے ہے۔ کمپنی نے مرکزی حکومت کو 16.5 لاکھ خوراکیں مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت بائیو ٹیک کورونا کے ایک اور ٹیکہ پر کام کر رہی ہے اور اس کے پہلے مرحلہ کی آزمائش فروری مارچ میں شروع ہوگی۔ مرکزی حکومت کو ابھی تک 5472000 ویکسین مل چکی ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے منگل کے روز کہا کہ پہلے مرحلہ کی پوری کھیپ تمام ریاستوں کو 14 جنوری تک حاصل ہو جائے گی۔ میڈیا رپورٹوں میں دونوں ہی ویکسینوں کو کارگر قرار دیا جا رہا ہے۔ ہر شخص کو ویکسین کی دو خوراکیں لینی ہوں گی۔ پہلی خوراک کے 28 دن بعد دوسری خوراک دی جائے گی اور دوسری خوراک لینے کے 14 دن بعد اس کا اثر شروع ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔