ایودھیا پہنچ کر دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بھی کہی ’رام راج‘ کی بات

منیش سسودیا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ساڑھے چار سال بڑے بڑے وعدے کرنے والی بی جے پی نے سبھی شعبے میں ٹھگا ہے، ان کے اقتدار میں غنڈہ راج کو فروغ ملا ہے۔

منیش سسودیا اور سنجے سنگھ، تصویر ٹوئٹر@msisodia
منیش سسودیا اور سنجے سنگھ، تصویر ٹوئٹر@msisodia
user

قومی آوازبیورو

ابھی تک تو بی جے پی ’رام راج‘ کی بات کرتی ہوئی نظر آ رہی تھی اور جب مرکز میں نریندر مودی کی قیادت میں حکومت تشکیل پائی تو اسے ’رام راج‘ کا آغاز بتایا گیا تھا، اور پھر جب اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں حکومت بنی تو کئی بار ’رام راج‘ قائم ہونے کی بات کہی گئی۔ لیکن اب دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایودھیا پہنچنے کے بعد ’کیجریوال حکومت‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف وہی ’رام راج‘ کے اصولوں پر عمل کر رہے ہیں، بقیہ لیڈران اس سے بہت دور ہیں۔

تصویر ٹوئٹر @SanjayAzadSln
تصویر ٹوئٹر @SanjayAzadSln

دراصل عآپ کے سرکردہ لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آج ایودھیا پہنچنے کے بعد کہا کہ ’’پورے ملک میں اروند کیجریوال ہی واحد ایسے وزیر اعلی ہیں جو رام راج کی ترغیب سے حکومت چلا رہے ہیں۔‘‘ اترپردیش میں انتخابی بگل پھونکنے کے لئے ایودھیا پہنچے سسودیا نے منگل کو سنت دھرم چاریہ سے آشیرواد لے کر ترنگا سنکلپ یاترا کا آغاز کیا۔ یاترا گلاب باڑی میدان سے ریڑھ گنج چوراہا، گدڑی بازار چوراہا، نیاوا، رکاب گنج، سول لائن ہوتے ہوئے گاندھی پارک پہنچی۔ 6 کلو میٹر کی دوری طے کرنے والی اس یاترا کی قیادت سسودیا، ریاستی انچارج اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ اور عآپ کے ریاستی صدر سبھاجیت سنگھ کر رہے ہیں۔ ہزاروں کارکنان سنکلپ یاترا میں ہیں۔ اس موقع پر انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔


ترنگا سنکلپ یاترا نکالنے کے دوران انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کسی سیاسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی اور سبھی اسمبلی کی سیٹوں پر انتخابی میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’پورے ملک میں اروند کیجریوال ملک کے واحد ایسے وزیر اعلی ہیں جو بھگوان رام کی ترغیب لے کر حکومت چلا رہے ہیں۔ پوری دنیا میں رام راج کی بات ہوتی ہے لیکن رام کے نام پر بات کرنے والے آخر میں کیا کرتے ہیں، وہ سبھی لوگ جانتے ہیں۔ جو بھگوان رام سے ترغیب لے کر مثالی سماج کے اصولوں پر حکومت چلا رہے ہیں وہی دہلی کی حکومت ہے۔‘‘

دہلی کے نائب وزیر اعلی نے کہا کہ ترنگا سنکلپ یاترا نکلانے کا مقصد یہ ہے کہ آزادی کے بعد 75ویں سال میں ترنگے کو دیکھ کر حکومت اچھی تعلیم، خاتون سیکورٹی اور روزگار کا نظم کریں۔ ایسی حکومت بنے یہ سنکلپ لے کر چلیں گے۔ اترپردیش کے عوام نے ساڑھے چار سال پہلے یوگی حکومت بنائی تھی۔ بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ بدعنوانی سے آزادی دلائیں گے۔ غنڈہ راج سے آزادی ملے گی، نوجوانوں کو نوکری دیں گے لیکن یہ سب خواب ثابت ہوئے، یہ بھی کہا گیا تھا کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کردیں گے۔ ایسا نظم ونسق لائیں گے جو خواتین کا تحفظ کریں گے مگر بی جے پی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔


سسودیا نے کہا کہ ساڑھے چار سال بڑے بڑے وعدے کرنے والی بی جے پی نے سبھی شعبے میں ٹھگا ہے۔ ان کے اقتدار میں غنڈہ راج کو بڑھوا ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت ہاتھرس میں ایک بچی سے درندگی کرنے والے کے خلاف نہیں کھڑی ہوئی، بلکہ غنڈوں کے ساتھ کھڑی رہی۔ ریاست میں عصمت دری کے واقعات میں کافی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔