اکھلیش کے وبا پھیلانے کے الزام کے بعد بی جے پی کو یاد آئے ’کورونا اصول‘، امت شاہ کی ’ڈور ٹو ڈور‘ مہم بند

یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کے اس بیان کے ایک دن بعد امت شاہ نے اپنی گھر گھر پرچہ تقسیم کرنے کی مہم ختم کر دی ہے۔

دیوبند میں پرچے تقسیم کرتے امت شاہ / تصویر ٹوئٹر / @AmitShah
دیوبند میں پرچے تقسیم کرتے امت شاہ / تصویر ٹوئٹر / @AmitShah
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: یوپی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مہم جوئی کے دوران پرچے تقسیم کرنے کے خلاف گزشتہ روز اکھلیش یادو نے حملہ بولتے ہوئے کہا تھا کہ امت شاہ کورونا وائرس کی وبا پھیلانے کے لئے پرچے تقسیم کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔

یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کے اس بیان کے ایک دن بعد امت شاہ نے اپنی گھر گھر پرچہ تقسیم کرنے کی مہم ختم کر دی ہے۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق امت شاہ نے اپنی 25 منٹ کی تقریب کو بھی صرف 5 منٹ کا کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایسا اس لئے کیا ہے کیونکہ اس سے کورونا وائرس سے متعلق پروٹوکول کی خلاف ورزی ہو رہی تھی۔


امت شاہ ہفتہ کے روز مغربی یوپی کے سہارنپور ضلع کے شہر دیوبند پہنچے تھے۔ یہاں بھی انہوں نے گھر گھر پرچے تقسیم کئے اور ان کے ساتھ لوگوں کا جم غفیر نظر آیا، جن میں سے بیشتر کے چہروں پر ماسک نہیں تھے اور سماجی دوری کا بھی خیال نہیں رکھا جا رہا تھا۔ امت شاہ نے ٹوئٹر پر جو تصویر شیئر کی ہے اس میں بھی ان کے ساتھ بھاری ہجوم نظر آ رہا ہے۔

سہارنپور کے آئی آئی ایم ٹی میں امت شاہ نے کہا کہ ’’کورونا کے سبب کچھ رہنما ہدایات پر ہمیں عمل کرنا ہے۔ میں دیوبند گیا لیکن بھاری تعداد میں لوگوں کے آنے کے سبب مجھے دیوبند اور مظفرنگر میں اپنے پروگرام منسوخ کرنے پڑے۔ مجھے افسوس ہے جنہوں نے ڈور ٹو ڈور کیمپین میں میرا انتظار کیا۔‘‘ وزیر داخلہ امت شاہ کے پرچے تقسیم کرنے پر جہاں اکھلیش یادو نے طنز کیا، وہیں سوشل میڈیا پر بھی اس معاملہ پر انہیں جم کر ہدف تنقید بنایا جا رہا تھا۔


خیال ر ہے کہ گزشتہ روز مظفرنگر میں اکھلیش یادو اور آر ایل ڈی کے سربراہ جینت چودھری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ اس دوران کورونا وبا کے پھیلاؤ کے تعلق سے کیے گئے سوال کے جواب میں اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی کے لوگ پرچہ بھی بانٹ رہے ہیں تو کورونا پھیلانے کے لئے بانٹ رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو ایسے لوگوں پر پابندی عائد کرنا چاہئے، جو یہ بھول گئے ہیں کہ کورونا کس طرح پھیلتا ہے۔‘‘

اکھلیش یادو نے یہ بات ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کہی تھی، جس میں امت شاہ نوئیڈا ضلع میں اپنی گھر گھر مہم کے دوران تھوک کا استعمال کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ اس ویڈیو کو سبکدوش آئی اے ایس سوریہ پرتاپ سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */