طویل وقفہ کے بعد دی گریٹ کھلی ایک بار پھر رنگ میں واپسی کے لیے تیار
ہندوستان کے اسٹار’دی گریٹ کھلی‘ جنوری 2026 میں سی ڈبلیو ای کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے پارکر بورڈا کا سامنا کریں گے جو ڈبلیو ڈبلیوای اور اے ای ڈبلیو دونوں کے لیے ریسلنگ کرچکے ہیں۔۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے پہلے ہندوستانی اسٹار’دی گریٹ کھلی‘ 8 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر رنگ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ دی گریٹ کھلی نے سال 2006 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ججمنٹ ڈے میں ڈیبیو کیا تھا اوراپنے پہلے میچ میں ہی معروف ریسلرانڈر ٹیکر کو شکست دے کر تہلکہ مچا دیا تھا۔ 7 فٹ 1 انچ قد والے کھلی نے 2007 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیتی تھی۔ اب گریٹ کھلی نے 8 سال بعد ایک بار پھر رنگ کو روشن کرنے کا عزم کیا ہے۔
ہندوستان کے پہلے سپر اسٹار دی گریٹ کھلی کا ڈبلیو ڈبلیو ای میں شاندار سفررہا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنے پہلے ہی میچ سے سرخیاں حاصل کرنے والے دی گریٹ کھلی نے’را‘ میں ڈرافٹ ہونے کے بعد ریسل مینیا 23 میں کین کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اس وقت کے عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن جان سینا کے ساتھ بھی مقابلہ کیا۔
گریٹ کھلی نے ’را‘ میں جون 2007 میں 20 مین رائل بیٹل میچ کو جیت کر پہلی پہلی اور واحد ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ جیتی لیکن وہ صرف 3 ماہ تک ہی ٹائٹل اپنے پاس رکھ سکے تھے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنے کیریئر کے دوران کھلی نے پنجابی پلے بوائے جیسے مزاحیہ کرداروں میں شناخت قائم کی۔ دی گریٹ کھلی کا نومبر 2014 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ معاہدہ ختم ہو گیا جس کے بعد انہوں نے اس کمپنی کو الوداع کہہ دیا تھا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کے بعد دی گریٹ کھلی نے ہندوستان میں پرو ریسلنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا اور اس وژن کے ساتھ انہوں نے2015 میں کانٹی نینٹل ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (سی ڈبلیو ای) کی بنیاد رکھی۔ پنجاب کے جالندھر شہر میں واقع سی ڈبلیو ای اکیڈمی نے متعدد ٹیلنٹ کو پروان چڑھایا ہے، جن میں ڈبلیو ڈبلیو ای کی پہلی ہندوستانی خاتون ریسلر کویتا دیوی اور دلشیر شنکی جیسے نام شامل ہیں اور ان دونوں ریسلر نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنی جگہ بنائی۔ وہیں سال2021 میں دی گریٹ کھلی کو ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔
دی گریٹ کھلی کو آخری بار 2018 میں ڈبلیو ڈبلیوای کے عظیم ترین رائل رمبل میں لڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اب ان کی اکیڈمی سی ڈبلیو ای نے سوشل میڈیا پران کی رنگ میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔ گریٹ کھلی جنوری 2026 میں سی ڈبلیو ای کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے پارکر بورڈا کا سامنا کریں گے جو ڈبلیو ڈبلیو ای اور اے ای ڈبلیو دونوں کے لیے ریسلنگ کرچکے ہیں۔ دی گریٹ کھلی اور پارکر بورڈا کے درمیان یہ مقابلہ ہندوستانی ریسلنگ کے شائقین کے لیے بہت زیادہ پرجوش موقع ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔