دہلی میں انتظامی ڈھانچہ تباہ، تمام اضلاع میں مِنی سکریٹریٹ کھولنے کا اعلان محض سیاسی ڈرامہ: ڈاکٹر نریش کمار

ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت اپنی ناکامیوں سے عوام کو اب مزید گمراہ نہیں کر سکتی ہے۔ کیونکہ کانگریس عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر پلیٹ فارم سے ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /&nbsp;DrNareshkr@</p></div>

ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /DrNareshkr@

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے راجدھانی دہلی کی بگڑتی ہوئی انتظامی صورتحال پر آج گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں چل رہی بی جے پی حکومت مکمل طور سے ناکام اور راہ سے بھٹکی ہوئی ثابت ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر کمار کا الزام ہے کہ دہلی حکومت کے ذریعہ تمام اضلاع میں مِنی سکریٹریٹ کھولنے کا اعلان صرف اور صرف سیاسی ڈرامہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ راجدھانی میں اے ڈی ایم، ایس ڈی ایم اور دیگر اہم انتظامی عہدے کئی ماہ سے خالی پڑے ہیں۔ اس کی وجہ سے انتظامی کام مکمل طور پر ٹھپ پڑ گیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف بیان بازی اور تصویر کھنچوانے میں مصروف ہے۔ زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔ عوام کے مسائل سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں رہ گیا ہے۔


ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ دہلی پولیس نے راجدھانی میں 75 آبی جماؤ سے متاثرہ مقامات کی نشان دہی کی تھی، لیکن ان جگہوں پر اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ اسی طرح ایم سی ڈی نے اپریل ماہ میں نالوں کی صفائی کے لیے دہلی حکومت سے 150 کروڑ روپے کے فنڈ کا مطالبہ کیا تھا۔ اب مئی ختم ہونے کو ہے، دہلی حکومت نے اب تک اس مطالبہ کو نظر انداز کیا ہوا ہے۔

ڈاکٹر نریش کمار کے مطابق 100 دن کی حکومت، وزیر اعلیٰ اور ان کے وزراء کی آپسی تال میل کی کمی اور داخلی گروہ بندی سے نبرد آزما ہے، جس کی وجہ سے پوری حکومت انتشار کا شکار ہو گئی ہے۔ بیوروکریسی میں عدم اعتماد کا ماحول ہے اور ڈانٹ پھٹکار کے بل بوتے پر کام چل رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سبھی خالی انتظامی عہدوں پر فوری تقرری، ایم سی ڈی کو فوری طور پر درکار مالی امداد، آبی جماؤ، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات سے متعلق مسائل کو اولین ترجیح دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


ڈاکٹر نریش کمار نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے اب بھی اپنی ذمہ داری نہ نبھائی تو دہلی کی عوام اس کا معقول جواب دے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی حکومت اپنی ناکامیوں سے عوام کو اب مزید گمراہ نہیں کر سکتی ہے۔ کیونکہ کانگریس عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر پلیٹ فارم سے ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔