’اب گدی چھوڑنی پڑے گی‘، کانگریس نے پی ایم مودی پر حملہ کے لیے استعمال کی مصنوعی ذہانت والی ویڈیو

کانگریس نے کسی ویڈیو میں وزیر اعظم مودی کو ’دنیا کا سب سے انوکھا چور‘ بتایا ہے، تو کسی سوشل میڈیا پوسٹ میں ’ایسے ہوتی ہے ووٹ چوری‘ کیپشن لگا کر ’ووٹ چوری‘ کے مبینہ 5 طریقوں کا ذکر کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’ووٹر ادھیکار یاترا‘ ختم ہونے کے بعد بھی کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ والی مہم شدت کے ساتھ جاری رکھی ہوئی ہے۔ میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈران اپنی بات کھل کر رکھ ہی رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی مستقل ایسی پوسٹ ڈالی جا رہی ہیں جو پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو بھی نشانے پر لے رہا ہے۔ کسی ویڈیو میں وزیر اعظم مودی کو ’دنیا کا سب سے انوکھا چور‘ بتایا جا رہا ہے، تو کسی پوسٹ میں ’ایسے ہوتی ہے ووٹ چوری‘ کیپشن لگا کر ’ووٹ چوری‘ کے مبینہ 5 طریقوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس درمیان پی ایم مودی پر حملہ کرنے کے لیے کانگریس مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشیل انٹلیجنس (اے آئی) کا استعمال بھی کر رہی ہے۔ ’ایکس‘ پر جاری کردہ اے آئی سے تیار ایک تازہ ویڈیو میں پی ایم مودی جیسے نظر آ رہے ایک شخص کو دکھایا گیا ہے، جس سے کوئی افسر نما شخص کہتا ہے ’’سر، عوام بہت غصے میں ہے۔ مہنگائی سے پریشان ہے۔ روزگار مانگ رہی ہے۔ لگتا ہے آپ کی کرسی گئی۔‘‘ جواب میں پی ایم مودی جیسا نظر آنے والا شخص کہتا ہے ’’گھبراؤ مت۔ ووٹ چوری کر لیں گے، فرضی ووٹر رجسٹر کر لیں گے، نام کاٹ لیں گے، اور چناؤ جیت لیں گے۔‘‘ اے آئی سے تیار اس ویڈیو کے آخر میں کانگریس نے اپنا نعرہ ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ پیش کیا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے تیار اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’ووٹ چوری کا پینترا نہیں چلے گا، اب گدی چھوڑنی پڑے گی۔‘


گزشتہ روز بھی کانگریس نے اے آئی سے تیار ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں 2 چور آپس میں بات کرتے ہوئے ایک ’بڑے چور‘ کا ذکر کرتے ہیں۔ جیل میں قید 2 چوروں میں سے ایک چور سوتے ہوئے دوسرے چور سے کہتا ہے ’’اٹھ، اٹھ جلدی۔‘‘ پھر دوسرا چور پوچھتا ہے ’’کیا ہوا رے مدنما؟‘‘ جواب میں پہلا چور کہتا ہے ’’ہم سے ایک ٹھو بڑا چور آ گیا ہے۔ ہم سے بھی بڑا چور۔ آج تک اسے کوئی بھی پولیس پکڑ نہیں پائی۔‘‘ دوسرا چور حیران ہو کر پوچھتا ہے ’’کوئی بھی پولیس نہیں پکڑ پائی؟‘‘ پھر پہلا چور کہتا ہے ’’پکڑے گی بھی کیسے! قانون اس کا، سرکار اس کی۔ اور اس نے ایک چیز ایسی چرائی ہے جو آج تک کوئی بھی چور چرا نہیں پایا۔‘‘ دوسرا چور مزاحیہ انداز میں پوچھتا ہے ’’کیا؟ تاج محل؟‘‘ پہلا چور جواب دیتا ہے ’’ووٹ!‘‘ دوسرا چور اس کی بات کا مذاق اڑاتا ہوا کہتا ہے ’’ووٹ! یہ بھی کوئی چرانے کی چیز ہے۔‘‘ یہ سن کر پہلا چور سامنے والے کو کم عقل کہہ دیتا ہے۔ وہ بولتا ہے ’’ارے کم عقل، یہی تو تم کو نہیں پتہ۔ سرکار الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر چرا رہی ہے ہمارا ووٹ، کیونکہ اس کی نیت میں ہے کھوٹ۔‘‘ یہ سن کر دوسرا چور کہتا ہے ’’واہ رے مدنما! یہ تو سب سے بڑا چور نکلا رے۔‘‘ اس ویڈیو کے آخر میں کانگریس نے پیغام دیا ہے کہ ’’آپ کے ووٹ کی چوری، آپ کے حقوق کی چوری، آپ کی پہچان کی چوری ہے۔‘‘ اے آئی سے تیار اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’سب سے بڑا چور، ووٹ چور‘۔ ساتھ ہی ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ نعرہ بھی لکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔