عآپ کی شیلی اوبرائے بلا مقابلہ ایم سی ڈی کی میئر منتخب، بی جے پی نے نام لیا واپس

بی جے پی نے نام واپس لے کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ ان کے پاس دہلی میئر کے انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ تعداد نہیں ہے، اس لیے وہ یہ عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کی نئی میئر شیلی اوبرائے اور ڈپٹی میئر کے امیدوار آل محمد اقبال</p></div>

دہلی کی نئی میئر شیلی اوبرائے اور ڈپٹی میئر کے امیدوار آل محمد اقبال

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے نئے میئر اور ڈپٹی میئر انتخاب سے قبل ہی بی جے پی امیدوار نے اپنی نامزدگی واپس لے لی۔ جس کے بعد عام آدمی پارٹی (عآپ) کی شیلی اوبرائے بلامقابلہ منتخب ہو گئیں۔ بی جے پی نے میئر کے لیے شکھا رائے اور ڈپٹی میئر کے لیے سونی پانڈے کو اپنا امیدوار مقرر کیا تھا۔

دہلی بی جے پی نے ایک بیان میں کہا ’’ہم نے میونسپل کارپوریشن میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود عام آدمی پارٹی قائمہ کمیٹیوں اور وارڈ کمیٹیوں کی تشکیل نہیں ہونے دے رہی، جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن میں کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔‘‘ دریں اثنا، عام آدمی پارٹی کے امیدوار آلِ محمد اقبال بھی بلا مقابلہ نائب میئر منتخب ہو گئے۔ میئر شیلی اوبرائے نے ان کے انتخاب کا اعلان کیا۔


عام آدمی پارٹی کے پاس ایم سی ڈی میں 138 ارکان ہیں، لہذا ان کا میئر عہدے پر برقرار رہنا یقینی تھا۔ نام واپس لے کر بی جے پی نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ ان کے پاس دہلی میئر کے انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ تعداد نہیں ہے، اس لیے وہ یہ عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ بی جے پی نے عآپ سے توقع کی ہے کہ اب وہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی تشکیل کی اجازت دیں۔

خیال رہے کہ قومی راجدھانی میں میئر کا عہدہ 5 سال کا ہوتا ہے لیکن ہر سال مختلف زمرے کے امیدوار کو موقع ملتا ہے۔ پہلا سال خواتین کے لیے، دوسرا اوپن کیٹیگری کے لیے، تیسرا ریزرو کیٹیگری کے لیے اور باقی دو بار پھر اوپن کیٹیگری کے لیے مختص ہے۔ ہر مالی سال کے اختتام کے بعد نئے میئر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔