عام آدمی پارٹی میں بکھراؤ قیادت کے بحران کا نتیجہ: کانگریس
کانگریس نے عام آدمی پارٹی کے بکھراؤ کو قیادت کے فقدان اور موقع پرستی کا نتیجہ قرار دیا۔ ڈاکٹر نریش نے دہلی میں بی جے پی حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے

ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /DrNareshkr@
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) میں جاری اندرونی اختلافات اور تنظیمی بکھراؤ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا ہے کہ یہ صورت حال دراصل پارٹی میں قیادت کے بحران اور نظریاتی بنیادوں کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق عام آدمی پارٹی کی بنیاد کسی واضح نظریے یا عوامی خدمت کے پختہ عزم پر نہیں، بلکہ موقع پرستی پر رکھی گئی تھی اور اب جب یہ موقع پرستی دم توڑ چکی ہے تو پارٹی بھی زوال کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ عام آدمی پارٹی میں اقتدار کا ارتکاز، آمرانہ رویہ اور داخلی سطح پر پنپتی مطلق العنانیت ایسے عوامل ہیں جو پارٹی کو اندر ہی اندر کھوکھلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے اور تنظیمی ڈھانچے پر سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی خاموشی اور فعال سیاست سے دوری پر سوال اٹھاتے ہوئے ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ان کی غیر موجودگی نے کارکنان کو گہرے انتشار اور مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے۔ میئر انتخابات سے ان کا کنارہ کش ہونا بھی کارکنان کی حوصلہ شکنی کا باعث بنا۔
انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت کو 100 دن سے زائد ہو چکے ہیں، لیکن نہ تو کوئی واضح ترقیاتی منصوبہ نظر آ رہا ہے اور نہ ہی عوامی نمائندے زمین پر متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر نریش نے کہا کہ کئی انتظامی عہدے خالی ہیں اور انہیں پُر کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آ رہی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی دن بہ دن پسماندگی کی طرف جا رہی ہے اور ریاست کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ اور وزراء کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان ہے، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ انہیں دہلی کی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
کانگریس ترجمان نے دعویٰ کیا کہ 1998 سے 2013 کے درمیان دہلی میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے وہ کانگریس حکومت کی بدولت ممکن ہوئے۔ آج بھی دہلی کے عوام انہی ترقیاتی توقعات کے ساتھ کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کو اگر کوئی جماعت صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر لے جا سکتی ہے تو وہ صرف کانگریس ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں کانگریس شاندار کارکردگی لیکن بی جے پی اپنی ممکنہ شکست سے خائف ہو کر ان انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ایم سی ڈی ضمنی انتخابات کی تاریخیں جلد از جلد طے کی جائیں تاکہ عوام اپنے نمائندے چن سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔