انتخابی سرگرمیاں تیز: کانگریس، بی جے پی اور عآپ سمیت سبھی پارٹیاں متحرک

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ کانگریس صدر راہل گاندھی آج تمل ناڈو میں تشہیر کی شروعات کریں گے اور ان کے ساتھ ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن بھی موجود ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر راہل گاندھی آج تمل ناڈو میں انتخابی تشہیر کی شروعات کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس اور ڈی ایم کے اتحاد کی باضابطہ تشہیری مہم کا آغاز بھی ہو جائے گا۔ اس ریلی میں راہل گاندھی کے علاوہ ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن، اے ڈی ایم کے سربراہ وائیکو اور بایاں محاذ پارٹیوں کے لیڈران بھی ہوں گے۔ تمل ناڈو کانگریس کے صدر کے ایس الاگری کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ عام تاریخی ثابت ہوگا۔

راہل گاندھی آج تمل ناڈو واقع چنئی میں مہیلا کالج میں طالبات سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ ایک بجے وہ ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس کر کے ریاست میں پارٹی کی انتخابی تیاریوں کی تفصیلات پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں 3 بج کر 45 منٹ پر وہ کنیا کماری کے کرشچین کالج میں ایک جلسہ سے خطاب کریں گے۔

دوسری طرف بی جے پی نے بھی اپنی انتخابی حکمت عملی کو آخری شکل دینے کے لیے دہلی میں انتہائی اہم میٹنگ طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں طے کیا جائے گا کہ بی جے پی کن ایشوز کو لے کر اس لوک سبھا انتخاب میں عام لوگوں کے درمیان جائے گی۔

اس کے علاوہ دہلی میں آج عام آدمی پارٹی بی جے پی کے 2014 کے انتخابی منشور کو نذر آتش کرے گی۔ عآپ نے کل اعلان کیا تھا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر کیجریوال بی جے پی کا 2014 کا وہ انتخابی منشور جلائیں گے جس میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Mar 2019, 11:09 AM