دہلی: چین لٹیروں کے حملہ میں خاتون ہلاک، واردات سی سی ٹی وی میں قید

ایک خاتون اپنے دو سالہ معصوم کو گود میں لے کر پیدل جا رہی تھی، تبھی لٹیروں نے خاتون کے گلے پر دو مرتبہ چاقو سے وار کیا۔ جس سے خاتون بری طرح زخمی ہوگئی اور اسپتال پہنچ کر ہلاک ہوگئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے آدرش نگر تھانہ علاقہ میں چین اسنیچنگ (جھپٹ ماری) کی دل دہلا دینے والی واردات انجام دی گئی ہے۔ ایک خاتون اپنے دو سالہ معصوم کو گود میں لے کر پیدل جا رہی تھی، تبھی لٹیروں نے خاتون کے گلے پر دو مرتبہ چاقو سے وار کیا۔ جس سے خاتون بری طرح زخمی ہوگئی اور اسپتال میں موت ہو گئی۔ ہفتہ کی شام کو انجام دی گئی یہ واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی۔

واردات میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت سمرن کور کے طور پر ہوئی ہے۔ سمرن کو زخمی ہونے کے بعد فوری طور پر شالیمار باغ کے فورٹس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں کچھ ہی دیر بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔ سمرن کور 25 سال کی تھی اور تین سال قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی۔ خاتون کا دو سال کا بچہ ہے اور وہ آدرش نگر میں اپنے مائیکے میں آئی ہوئی تھی، سمرن کی سسرال پٹیالہ میں ہے۔


این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آدرش نگر علاقہ میں ان کے مائیکے کے نزیدک ہی شنی بازا کے نام سے مارکٹ لگتی ہے، جہاں سے خاتون خریداری کر کے واپس لوٹ رہی تھی۔ پہلے ایک چور نے خاتون کے گلے سے چین کھینچنے کی کوشش کی لیکن جب اس نے اس کی مخالفت کی اور چور کو پکڑنے کی کوشش کی تو چور نے خاتون کی گردن پر چاقو سے دو مرتبہ وار کیے۔ جس وقت لٹیرے خاتون پر چاقو سے وار کر رہے تھے اس کی گود میں اس کا دو سالہ معصوم بچہ بھی موجود تھا۔ لٹیروں نے معصوم کے سامنے ہی اس کی ماں کو قتل کر دیا۔

واقع کی اطلاع موصول ہونے کے بعد آدرش نگر تھانہ کے پولیس اور افسران موقع پر پہنچے اور زخمی خاتون کو فورٹس اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن خاتون کی جان نہیں بچ سکی۔ دو دنون کے اندر یہ دوسرا ایسا واقعہ ہے جسے سی سی ٹی وی کی بنیاد پر پولیس لٹیروں کا سراغ لگا رہی ہے۔ پولیس نے معاملہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔