لاک ڈاؤن: 520 کلو میٹر پیدل چل کر یو پی پہنچی حاملہ خاتون، درخت کے نیچے بچی کی پیدائش

لاک ڈاؤن میں روزگار نہ ملنے کی وجہ سے کئی حاملہ خاتون مزدور بھی جان کو خطرے میں ڈال کر ہزاروں کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک حاملہ خاتون مدھیہ پردیش سے اتر پردیش پہنچی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا بحران کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا عمل جاری ہے۔ اس لاک ڈاؤن میں روزگار نہ ملنے کی وجہ سے کئی حاملہ خواتین بھی جان کو خطرے میں ڈال کر ہزاروں کلو میٹر کا سفر پیدل کرنے کے لیے نکل گئیں۔ کچھ گھر پہنچ گئیں، کچھ راستے میں ہیں اور کچھ کی طبیعت بھی خراب ہو چکی ہے۔ کچھ ایسی خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ راستے میں حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا۔ ایسی ہی ایک خبر اتر پردیش سے سامنے آ رہی ہیں جہاں ایک حاملہ خاتون مدھیہ پردیش سے پیدل چل کر پہنچی۔

بتایا جاتا ہے کہ مدھیہ پردیش سے 520 کیلو میٹر دور اتر پردیش واقع اپنے گاؤں کے لیے حاملہ خاتون راج بیٹی ایک درجن لوگوں کے ساتھ پیدل نکل پڑی تھی۔ جب وہ پیر کے روز بالابھیٹ گاؤں پہنچی تو اسے دردِ زہ کا احساس ہوا، اور پھر ایک بچی کی پیدائش ایک درخت کے نیچے ہوئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جب وہ مدھیہ پردیش کے دھار سے پیدل سفر پر نکلی تھی تو ساڑھے آٹھ مہینے کی حاملہ تھی۔


بچی کی پیدائش کے بعد اس کے والد ٹنٹو نے بتایا کہ راج بیٹی سفر کے دوران کافی مشقت اٹھا رہی تھی۔ اسی درمیان ایک جگہ آرام کرنے کا فیصلہ لیا گیا اور پھر وہ کھانا بنا رہی تھی جب درد کا احساس ہوا۔ تکلیف بڑھنے لگی تو اس نے درخت کے نیچے ایک بچی کو جنم دیا۔ راج بیٹی کے شوہر اور گروپ کی کچھ دوسری خواتین نے مل کر بچی کی پیدائش میں کافی تعاون کیا۔

راج بیٹی کے ساتھ پیدل سفر کرنے والے ایک مزدور نے بتایا کہ مہاجروں کا یہ گروپ دھار ضلع کے پریتم پور علاقہ سے للت پور میں اپنے گاؤں کی جانب پیدل چل رہا تھا۔ جس کارخانے میں وہ کام کر رہے تھے وہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے لگے ملک گیر لاک ڈاؤن میں بند ہو گیا تھا۔


بہر حال، جب بچی کی پیدائش کی خبر اتر پردیش میں بلبھ گاؤں کے مکھیا کو ملی تو انھوں نے پاس کے پرائمری ہیلتھ سنٹر سے ایک میڈیکل ٹیم کو بلایا۔ ٹیم نے راج بیٹی اور نوزائیدہ کو فوراً طبی سہولیات مہیا کرائی اور پھر انھیں اسپتال لے گئی جہاں سے انھیں بعد میں چھٹی دے دی گئی۔

للت پور کے چیف میڈیکل افسر پرتاپ سنگھ نے اس معاملے میں کہا کہ "ہماری میڈیکل ٹیم کے پہنچنے سے پہلے خاتون نے ایک صحت مند بچی کو جنم دے دیا تھا۔ بعد میں ماں اور نوزائیدہ بچی دونوں کو موقع پر ہی طبی سہولیات دی گئیں اور پرائمری ہیلتھ سنٹر میں منتقل کر دیا گیا۔ دونوں محفوظ ہیں اور انھیں ایمبولنس میں بٹھا کر گھر کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔