کولکاتا کے ہوٹل میں لگی شدید آگ، 14 افراد کی دردناک موت، کئی نے عمارت سے کود کر بچائی اپنی جان

یہ حادثہ رات تقریباً 8:15 بجے ریتوراج ہوٹل میں پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے مستعدی دکھاتے ہوئے کئی لوگوں کی جان بچائی۔ جانچ کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کولکاتا کے پھل پٹی مچھوا علاقے کے قریب ایک ہوٹل میں منگل کی رات شدید آگ لگنے سے 14 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ دردناک حادثہ رات تقریباً 8:15 بجے ریتوراج ہوٹل میں پیش آیا۔ آگ لگنے کے بعد موقع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں اور فوری طور پر آگ پر قابو پایا لیکن تب تک کئی لوگوں کی جان جا چکی تھی۔

موقع پر موجود کولکاتا کے پولیس کمشنر منوج کمار ورما نے بتایا کہ اب تک 14 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ کئی لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ طور پر باہر نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ آگ کیسے لگی اس کی جانچ کی جاری ہے۔ جانچ کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔


مغربی بنگال کانگریس کے صدر شبھنکر سرکار نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے وہاں تحفظ کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ حکومت کیا کر رہی ہے۔ اس دوران کولکاتا کے میئر فرہاد حکیم بھی جائے وقوع پر پہنچے۔

مرکزی وزیر اور مغربی بنگال بی جے پی کے صدر سوکانت مجمدار نے بھی حادثے پر ریاستی حکومت سے فوراً کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں ریاستی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فوری راحت اور بچاؤ کام کرے، زخمیوں کو بہتر طبی علاج اور انسانی مدد مہیا کرائے۔ اس کے ساتھ ہی آگ جیسی واردات کو روکنے کے لیے فائر سیفٹی انتظامات کی سخت نگرانی کی جائے۔‘‘


فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ہوٹل میں لگی آگ اتنی شدید تھی کہ لوگ جان بچانے کے لیے عمارت سے کود پڑے جس سے کئی لوگوں کو چوٹیں بھی آئیں۔ حالانکہ اس دوران فائر بریگیڈ کی ٹیم نے مستعدی دکھائی اور کئی لوگوں کو وقت رہتے بچا لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔