سہارنپور واقع فوڈ اسٹوریج میں لگی زبردست آگ، 9 گھنٹہ کی مشقت کے باوجود آگ بے قابو

سی ایف او نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے گودام کی ٹین شیڈ گر گئی اور کثیر مقدار میں تیل، گھی و دیگر سامان کی موجودگی کے سبب آگ پورے احاطہ میں تیزی سے پھیل گئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے سہارنپور ضلع میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو بیہٹ علاقہ واقع رسول پور میں موجود فوڈ اسٹوریج کے گودام میں زبردست آگ لگ گئی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں لگائی گئیں، لیکن 9 گھنٹے سے زیادہ وقت کی سخت مشقت کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ حادثہ میں کسی کی جان نہیں گئی، لیکن گودام میں رکھا آٹا، چینی، گھی، تیل وغیرہ کا پورا اسٹاک پوری طرح سے جل کر خاک ہو گیا۔ یعنی کروڑوں روپے کا نقصان اس آتشزدگی واقعہ میں ہوا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ آس پاس کے لوگوں نے سب سے پہلے ہفتہ کی شب تقریباً 1 بجے آگ کی لپٹیں دیکھیں۔ انھوں نے فوراً مقامی فائر بریگیڈ سروس محکمہ کو اس سلسلے میں مطلع کیا۔ چیف فائر افسر (سی ایف او) پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ فائر اسٹیشن کو ہفتہ-اتوار کی درمیانی شب تقریباً ایک بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ خبر ملتے ہی فوراً فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں جائے حادثہ کے لیے روانہ کی گئیں۔ آگ بہت تیز تھی اس لیے آس پاس کے ضلعوں مظفر نگر، میرٹھ، شاملی، امروہہ، بجنور فائر بریگیڈ سے مدد مانگی گئی۔ سبھی ضلعوں کی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ جلد ہی آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔


سی ایف او نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے گودام میں ٹین شیڈ گر گئی جس سے کثیر مقدار میں تیل، گھی اور دیگر سامانوں نے آگ پکڑ لی۔ اس کے بعد آگ تیزی کے ساتھ پورے احاطہ میں پھیل گئی۔ یہی وجہ ہے کہ فائر بریگیڈ دستہ کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔