آئین پر بی جے پی-آر ایس ایس کا منظم حملہ صاف نظر آ رہا: ملکارجن کھڑگے

کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ آئین اور اس کی اقدار پر حملے کے بارے میں ہر شہری کو سوال اٹھانا چاہیے، ہم بغیر کسی خوف کے اپنی جمہوریت کے لیے لڑنے اور اس کی حفاظت کرنے کے اہل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

آج ہندوستان میں یومِ آئین منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ دونوں ادارے آئین پر منظم حملہ کر رہے ہیں۔ یہ بیان انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے ایک پوسٹ میں دیا ہے اور ساتھ ہی آئین کو ہندوستنای جمہوریت کا شہ رگ بھی قرار دیا۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں کھڑگے نے کہا کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس ملک کے لوگوں کے آئینی حقوق کو کچل رہے ہیں۔ ہندوستان کا آئین ہماری جمہوریت کی شہ رگ ہے۔ ہم 74واں یوم آئین مناتے ہوئے اس کے معماروں کے شکر گزار ہیں اور ان کے تئیں انتہائی عقیدت پیش کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمارے آئین میں ہر ہندوستانی کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی حقوق کی ضمانت دی ہے۔ ان گارنٹیوں کے باوجود، آج ہمارے آئین کی روح کے سامنے بہت سے چیلنجز کھڑے ہو گئے ہیں جن کا لوگ سامنا کر رہے ہیں۔‘‘ اپنے پوسٹ میں انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ملک کی موجودہ حکومت آئین میں دی گئی تمام آزادیوں کو کچلنے اور سلب کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ اختلاف رائے کو دبایا جا رہا ہے اور اداروں کو آمرانہ نظام مسلط کرنے سے متعلق کھیل میں مہرہ بنایا جا رہا ہے۔ یہی نہیں بلکہ سماجی تبدیلیوں کی آڑ میں ذہنوں میں نفرت بھی بھری جا رہی ہے۔‘‘


اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کھڑگے یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’آر ایس ایس-بی جے پی آئین پر منظم اور سخت حملہ کرنے کے لیے سرکاری مشینری کے ہر نَٹ اینڈ بولٹ کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کر رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہم جلد ہی اس اہم مقام پر پہنچ جائیں گے جہاں سماجی انصاف اور ہم آہنگی ختم ہو جائے گی اور کمزور طبقات کے حقوق آہستہ آہستہ چھین لیے جائیں گے۔ یہ تقسیم اور نفرت کی اس سیاست کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ’’کانگریس یہ لڑائی آگے بڑھ کر لڑ رہی ہے۔ پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے امن، اتحاد، ہم آہنگی اور ہمدردی کا پیغام پھیلانے کے لیے بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کی۔ یہ یاترا زیادہ سے زیادہ لوگوں، زیادہ ریاستوں اور سماج کے تمام طبقات تک پہنچنے کے لیے جاری ہے۔ آئین اور اس کی اقدار پر حملے کے بارے میں ہر شہری کو سوال اٹھانا چاہیے۔ ہم بغیر کسی خوف کے اپنی جمہوریت کے لیے لڑنے اور اس کی حفاظت کرنے کے اہل ہیں۔ آج کا دن ہمارے قائدین سے ترغیب حاصل کرنے کا ہے جنہوں نے انگریزوں کے خلاف بے خوف انداز میں جنگ لڑی۔‘‘

کانگریس صدر نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں کہا کہ ’’ہم پنڈت جواہر لال نہرو، بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، سردار ولبھ بھائی پٹیل، مولانا ابوالکلام آزاد، ڈاکٹر راجندر پرساد، کے ایم منشی، سروجنی نائیڈو، اے کرشنامورتی ایر، راج کماری امرت کور اور دیگر سرکردہ رہنماؤں اور عظیم لوگوں کو اس دن یاد کرتے ہیں۔ ہم ان کی دور اندیشی اور حکمت کے مقروض ہیں۔ ہم، ہندوستان کے لوگ کامیاب ہوں گے۔ جئے ہند!‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔