کورونا وائرس کی کہانی بیان کرتی جامع مسجد کی شاندار تصویر

یہ تصویر جہاں جامع مسجد کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا مظاہرہ کر رہی ہے وہیں یہ بھی بتا رہی ہے کہ کوئی بھی چیز بغیر انسانوں کے بیکار ہے۔ جامع مسجد کی تمام رونقیں اس کے نمازیوں سے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دو دن سے ایک ایسی تصویر سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے جو کورونا وائرس کی کہانی چیخ چیخ کر بیان کر رہی ہے۔ فوٹو گرافی کے اعتبار سے بھی یہ تصویر لاجواب ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ یہ تصویر صہیب الیاس نامی فوٹوگرافر کی ہے اور یہ ڈرون کیمرے سے لی گئی ہے۔ یہ تصویر گزشتہ جمعہ کی ہے، اس تصویر سے صاف عیاں ہو رہا ہے کہ زبردست بھیڑ بھاڑ والے علاقہ میں موجود جامع مسجد پوری طرح خالی نظر آرہی ہے۔ تصویر میں مسجد کے چاروں طرف بلڈنگوں کا ایک جھنڈ نظر آ رہا ہے اور جن سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کو جگہ نہیں ملتی تھی وہ سڑکیں سنسان اور ویران نظر آ رہی ہیں۔

کورونا وائرس کی کہانی بیان کرتی جامع مسجد کی شاندار تصویر

ایسے حالات کا تجربہ دنیا کے کئی حصوں میں کووڈ-19 کی وجہ سے دیکھنے کو مل رہا ہے۔ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خالی ہونے کا کوئی تصور ہی نہیں کر سکتا تھا، لیکن آج یہ خالی ہیں۔ خانہ کعبہ جہاں رات و دن طواف جاری رہتا ہے اور کسی بھی وقت حجر اسود کا بوسہ لینا کتنا مشکل ہوا کرتا تھا۔ لیکن اب نہ تو وہاں طواف کی رونق ہے، نہ ہی صفا و مروہ کے درمیان سعی، نہ ہی نماز جماعت کی بھیڑ یعنی خانہ کعبہ کورونا وائرس کی وجہ سے خالی پڑا ہے۔ ایسے حالات میں جامع مسجد کا خالی ہونا یا اس کے اطراف موجود بازاروں کا ویران ہونا کوئی خاص بات نہیں ہے۔ لیکن تصیور اتنا کچھ بیان کر رہی ہے کہ انسان اس کو کئی کئی بار دیکھنے کو مجبور ہے اور بہت سے لوگوں کو تو یہ تصویر اتنی اچھی لگی کہ انہوں نے اس کو اپنا واٹس ایپ اسٹیٹس بنا لیا۔

یہ تصویر جہاں جامع مسجد کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا مظاہرہ کر رہی ہے وہیں یہ بھی بتا رہی ہے کہ کوئی بھی چیز بغیر انسانوں کے بیکار ہے۔ جامع مسجد کی تمام رونقیں اس کے نمازیوں سے ہے۔ مسجد کا فن تعمیر بے معنی ہے اگر اس میں لوگ نہ ہوں۔ ایسے ہی علاقہ میں بلڈنگوں کے جھنڈ سے پتہ لگتا ہے کہ علاقہ کی رونقیں اور سڑکوں کی چہل پہل سب انسانوں سے ہے۔ آخر مسجد اور سڑکیں بنائی کس کے لئے گئی تھیں، ظاہر ہے لوگوں کے لئے اور اگر وہ ہی نہیں دکھائی دیں گے تو سب بیکار۔


اس تصویر سے ایک پہلو اور سامنے آتا ہے کہ ہندوستانی مسلمان قانون کی پاسداری زبردست طریقے سے کرتا ہے۔ خالی مسجد اور ویران سڑکیں یہ بتاتی ہیں کہ کوئی کچھ بھی کہے لیکن جامع مسجد کی آبادی جو 90 فیصد سے زیادہ مسلمانوں سے آباد ہے وہ جمعہ کے دن بھی اور ماہ رمضان میں بھی اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل رہی ہے، اپنی صحت اور سب کی صحت کا پورا خیال رکھے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Apr 2020, 7:11 PM