’بہت دباؤ بنایا گیا تب جا کر کارروائی کی گئی‘، دلار چند قتل معاملہ میں اننت سنگھ کی گرفتاری پر کانگریس کا بڑا حملہ
سچن پائلٹ نے کہا، ’’یہ غنڈہ راج کی بات کرتے ہیں، لیکن ان کی حکومت میں لوٹ مار ہو رہی ہی۔ قتل اور اغوا کے معاملات سامنے آ رہے ہیں، اس کے لیے کون ذمہ دار ہے‘‘

اسمبلی انتخاب کے مدنظر تشہیری مہم میں حصہ لینے کے لیے بہار پہنچے کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے دلار چند یادو قتل معاملہ میں جے ڈی یو کے مکامہ امیدوار اننت سنگھ کی گرفتاری کو لے کر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ غنڈہ راج کی بات کرتے ہیں، لیکن ان کی حکومت میں لوٹ مار ہو رہی ہی۔ قتل اور اغوا کے معاملات سامنے آ رہے ہیں، اس کے لیے کون ذمہ دار ہے۔ پوری ریاست میں لوٹ مار کرنے کی جو چھوٹ ہے، یہ کس کی حکومت میں ہو رہا ہے۔ اس کے لیے بی جے پی ذمہ دار ہے۔‘‘
سچن پائلٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج تو الیکشن کمیشن ہے، جن کے کچھ افسران نے گرفتار کیا ہوگا، وہ بھی بہت دباؤ بنا اس لیے کارروائی کی گئی۔ قتل اور تشدد کا جو ماحول بہار میں ہے، وہ کس کی حکومت میں ہو رہا ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، گزشتہ 20 سالوں سے وہی انتظامیہ اور حکومت چل رہی ہے۔ بہار کے نوجوان اور محنتی لوگ اب اس نظام سے پریشان ہو گئے ہیں۔ بہار کے اندر تبدیلی کی آہٹ طویل عرصہ سے جاری ہے۔ سچن پائلٹ نے پرعزم انداز میں کہا کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے مل کر جو محنت کی ہے، اس سے نوجوانوں میں امید نظر آ رہی ہے۔ اس لیے میرا ماننا ہے کہ حکومت کا جانا طے ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی حکومت واضح اکثریت سے بنے گی۔
سچن پائلٹ کے علاوہ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے بھی بہار کی موجودہ حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے پٹنہ میں کہا کہ بہار کے لوگ ریاست سے غنڈہ راج ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ مکامہ میں دلار چند کے قتل کا حالیہ معاملہ یہاں کی غنڈہ گردی کی ایک واضح مثال ہے۔ لوگ اس غنڈہ راج کو ختم کرنے کے لیے 6 اور 11 نومبر کی تاریخ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر ادت راج نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا انتخاب پہلی بار دیکھا ہے، جہاں دن کے اجالے میں قتل کیا جا رہا ہے۔ کیا نتیش کمار اپنی حکومت میں اس کو گڈ گورننس کہتے ہیں؟ انہوں نے 2005 اسمبلی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسمبلی انتخاب کرانے کے لیے آرمی کو تعینات کیا گیا تھا۔ ایک بھی اندوہناک واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔
ادت راج کا یہ بھی کہنا ہے کہ نتیش کمار کی حکومت بہار میں گڈ گورننس کی بات کرتی ہے۔ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سمیت بڑے بڑے لیڈران بہار آ رہے ہیں اور ریاست میں قتل کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، یہ کیسا گڈ گورننس ہے؟ کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ سیوان میں 3 قتل ہوئے ہیں۔ ایک داروغہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کانگریس رکن پارلیمنٹ طارق انور نے کہا کہ بہار میں جرائم کی حالیہ صورت حال کیا ہے؟ مکامہ کا واقعہ اس کی واضح مثال ہے۔ آئے دن قتل کے معاملے سامنے آ رہے ہیں اور حکومت اس معاملہ سے صرف بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔