کانگریس کی خاتون رکن پارلیمنٹ کے گلے سے سونے کی چین چھین کر بھاگنے والا مجرم گرفتار، چوری کے کئی سامان بھی برآمد
پولیس نے بتایا کہ چوری کی گئی سونے کی چین برآمد کر لی گئی ہے اور جرم میں استعمال کی گئی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ برآمد دیگر سامانوں میں 4 چوری کے موبائل فون اور ایک چوری کا موٹر سائیکل بھی شامل ہے۔

دہلی پولیس نے بدھ (6 اگست) کو چانکیہ پوری واقع تمل ناڈو بھون کے پاس کانگریس رکن پارلیمنٹ آر سُدھا کی 30 گرام وزنی سونے کی چین چھیننے کے الزام میں 24 سال کے ایک مجرم کو گرفتار کیا ہے۔ دراصل تمل ناڈو کے مائیلادوتھرائی سے رکن پارلیمنٹ آر سُدھا پیر (4 اگست) کو تمل ناڈو بھون کے پاس صبح کی سیر پر نکلی تھیں، اسی وقت ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے ان کے گلے سے سونے کی چین چھین لی تھی۔ اس دوران ان کے کپڑے بھی پھٹ گئے تھے اور انہیں معمولی چوٹیں بھی آئی تھیں۔
گرفتار ملزم کی شناخت سوہن راوت کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ سوہن راوت پہلے 26 مجرمانہ معاملوں میں شامل رہا ہے، جن میں زیادہ تر معاملے چوری اور جھپٹ ماری سے متعلق ہیں۔ پولیس افسر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مختلف راستوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج اکٹھی کی گئی اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اہم سراغوں کی بنیاد پر نئی دہلی، جنوب مغرب اور جنوبی اضلاع کی ٹیم، اے اے ٹی ایس اور آر کے پورم تھانہ سے چلائی گئی ایک مہم کے دوران ملزم کی پہچان کی گئی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ رواں سال اپریل میں امبیڈکر نگر میں درج ایک گاڑی چوری کے معاملہ میں گرفتار ہونے کے بعد سوہن راوت 27 جون کو ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ ساتھ ہی پولیس نے یہ بھی اطلاع دی کہ چوری کی گئی سونے کی چین برآمد کر لی گئی ہے اور جرم میں استعمال کی گئی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ برآمد کیے گئے دیگر سامانوں میں 4 چوری کے موبائل فون اور ایک چوری کا موٹر سائیکل بھی شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔