دہلی میں تاش کے پتوں کی طرح بھربھرا کر منہدم ہو گئی پانچ منزلہ عمارت، مدد کے لیے چیختے نظر آئے لوگ

عمارت منہدم ہونے کی خبر ملنے کے بعد مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، مکان کے ملبہ کو ہٹانے کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت پر روک لگا دی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

راجدھانی دہلی کے بھجن پورہ علاقہ میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ وجئے پارک علاقہ میں پانچ منزلہ عمارت دیکھتے ہی دیکھتے اچانک منہدم ہو گئی جس سے علاقے میں چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے، لیکن عمارت منہدم ہونے کے بعد ہر طرف ایک ہنگامہ والا ماحول پیدا ہو گیا۔

عمارت منہدم ہونے کی خبر ملنے کے بعد مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ مکان کے ملبہ کو ہٹانے کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت پر روک لگا دی گئی ہے۔ بہرحال، عمارت منہدم ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ 29 سیکنڈ کی ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح پانچ منزلہ عمارت بھربھرا کر منہدم ہو گئی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق مکان گرنے پر آس پاس کے لوگوں نے معاملے کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی۔ حادثہ کے بعد آس پاس کے لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران وہاں پر چیخ و پکار مچ گئی۔ پولیس نے اس حادثہ کی تصدیق کی ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ میں آس پاس کے گھر و دکان کے ساتھ ساتھ کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ایسے میں بلڈنگ کا ملبہ سڑک پر بکھرا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتہ پہلے بھی دہلی میں کچھ ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا۔ شمالی دہلی کے روشن آرا روڈ پر واقع تین منزلہ بلڈنگ آگ لگنے کے بعد بھربھرا کر گر گئی تھی۔ آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کا دستہ اس پر قابو پانے کے لیے پہنچا تھا، لیکن اچانک عمارت منہدم ہونے سے فائر بریگیڈ کے تقریباً 100 اہلکار بال بال بچے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔