کل تک صحیح سلامت ڈیوٹی کر رہا تھا، اچانک طبیعت بگڑی اور ہلاک ہو گیا کانسٹیبل!

بھرت نگر تھانہ کے کانسٹیبل امت کی طبیعت منگل کے روز کچھ زیادہ ہی خراب ہو گئی تھی جب اسے آر ایم ایل اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے فوراً ان کا علاج شروع کر دیا، لیکن وہ اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا کی دہشت کے درمیان پولس اہلکار اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ ملک میں کئی پولس اہلکار کورونا کی زد میں آ چکے ہیں، اس کے باوجود احتیاطی تدبیروں کے ساتھ پولس محکمہ سڑکوں پر اپنی ڈیوٹی لگاتار نبھا رہا ہے۔ اس درمیان دہلی میں ایک کانسٹیبل کی اچانک موت سے افرا تفری پیدا ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل تک وہ صحیح سلامت ڈیوٹی کر رہا تھا، پھر اچانک طبیعت بگڑنے پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔

دراصل بھرت نگر تھانہ کے کانسٹیبل امت کی طبیعت منگل کے روز کچھ زیادہ ہی خراب ہو گئی تھی جب اسے آر ایم ایل اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے فوراً ان کا علاج شروع کر دیا، لیکن وہ اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر کی شب امت کو بخار آیا تھا اور ساتھ ہی اسے سانس لینے میں تکلیف بھی ہو رہی تھی۔ پھر منگل کو طبیعت خراب ہوئی تو حالات بگڑتے ہی چلے گئے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امت کی موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔


پولس کا کہنا ہے کہ امت کا سیمپل لے لیا گیا ہے اور ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح طور پر کہا جا سکے گا کہ انتقال کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوا ہے یا کسی اور وجہ سے۔ اگر امت کی رپورٹ کورونا پازیٹو آتی ہے تو یہ دہلی پولس کے اندر کسی اہلکار کی پہلی موت ہوگی۔ ابھی تک دہلی پولس میں کورونا انفیکشن کی خبریں تو کئی آ چکی ہیں، لیکن کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */